روجھان : احساس سنٹرمیں خواتین سے بدتمیزی‘ دھکم پیل سے ایک زخمی

Dec 05, 2020

کوٹ مٹھن‘ڈیرہ غازی خان(نامہ نگار‘خبر نگار) حکومت کی جانب سے روجھان میں قائم  احساس پروگرام سنٹر پر نامعلوم افراد کی خواتین سے بدتمیزی کرنے اور دھکم پیل سے ایک خاتون زخمی ہو گئی جس پرخاتون کے ورثاء نے احساس پروگرام سنٹر پرپتھروں کی بارش کر دی پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج اوربزرگ مستحقین کے ساتھ زیادتی اور انہیں گریبان سے پکڑ کر گھسیٹنے کے قابل مذمت واقعات ہوئے۔بتایا گیا ہے کہ سنٹر کے باہر ایجنٹس سرگرم ہیں اور پانچ سو سے لیکر ایک ہزار روپے تک کٹوتی کی جا رہی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وحید عباس ایچ بی ایل کنیکٹ کے زونل منیجراورایس ایچ او روجھان اختر خان ہجبانی نے ان اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تمام بینیفیشریز کو 12  ہزار کی مکمل رقم  مل رہی  ہے۔ترجمان راجن پور پولیس نے کہا ہے کہ احساس کفالت سنٹر میں عورت کے زخمی ہونے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہ ہے چند شر پسند عناصر کی جانب سے افراتفری پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے جسے پولیس کے فوری ریسپانس کی بدولت ناکام بنا دیا گیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری ایس ایچ او روجھان کی سربراہی میں موقع پر موجود ہے حالات اب کنٹرول میں ہیں رقوم کی تقسیم پر امن ماحول میں ہو رہی ہے۔دریں اثناء آر پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی

مزیدخبریں