لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومتی سطح پر ہفتہ آگاہی منانا انتہائی خوش آئند امر ہے جس سے عوام میں اس خطرناک وائرس سے بچاؤکیلئے اختیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی آگاہی ہوگی اور انشاء اللہ اس مرض کے پھیلاؤ میں روک تھام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو فیس ماسک کا استعمال کرنا اپنا شعاربنا لینا چاہیے اور اس سلسلے پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج، الائیڈہیلتھ سائنسز سکول، نرسنگ کالج ایل جی ایچ کے طلبا و طالبات،ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ خصوصاً نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو بریف کرنا چاہیے ۔کیونکہ نوجوان نسل ہی ملک کے مستحکم مستقبل کی ضمانت ہیں۔ہفتہ آگاہی کے سلسلے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، نرسز،اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب کو اس مہلک و جان لیوا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔