لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز سیمنٹ کمپنی کے وفد نے بریگیڈیئر (ر)سید کوثر حسین کی قیادت میں ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونیوالی ملاقات کے دوران سیمنٹ گروپ کی جانب سے اٹک ،میانوالی اور خوشاب میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے حوالے سے ون ونڈو کی سہولت دی ہے اورصوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء کے عمل کو تیز کیا گیاہے۔متعلقہ محکموں کو ٹائم لائن کے اندر این او سی کے اجراء کا پابند بنایا گیا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگنے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ این او سی حاصل کرنے والی کمپنیوں کو 6 ماہ کے اندر پلانٹ لگانے کا بھی پابند بنایا جائے گا۔