کراچی (نیوزرپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے پروموٹ پالیسی سے دستبردار ہونیوالے طلبہ کے لیے اسپیشل (خصوصی)امتحانات 15جنوری سے منعقد کروانے پر غور شروع کردیا ہے۔ تقریباً 10ہزار سے زائد طلبہ امتحانات دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر رواں سال بارہویں میں پروموٹ کئے گئے تھے تاہم کئی طلبہ اپنے فیصد نمبروں سے مطمئن نہ ہونے پر حکومت نے دسمبر یا جنوری میں اسپیشل(خصوصی) امتحانات دینے کا موقع دینے کا اعلان کیا تھا۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اسپیشل امتحانات کے لیے طلبہ کو فارم جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے امتحانی عمل کی تیاری شروع کردی ہے اور 15جنوری تک اسپیشل امتحانات لینے پر غور شروع کردیا ہے۔ امتحانات کا انعقاد کرونا وائرس کی صورت حال اور حکومت سندھ کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے کئے گئے فیصلے کی روشنی میں کرنے فیصلہ کیا ہے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اگر جنوری کے بعد بھی تعلیمی اداروں کی بندش برقرار رہی تو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اسپیشل امتحانات نہ دینے والے طلبہ کو سالانہ امتحا نات 2021ء میں موقع دیا جائے گا۔ اس حوالے سے انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد نے بتایا کہ اگر کرونا وائرس کی صورتحال حال بہتر رہتی ہے تو بورڈ نے11جنوری سے تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد 15جنوری سے پروموشن پالیسی سے غیر مطمئن طلبہ جنہوں نے اسپیشل امتحانات کے لیے حلف نامہ جمع کروایا ہے پورے ایس او پیز کے مطابق امتحانات کے انعقاد کی تیاری شروع کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں طلبہ اسپیشل امتحانات دینا چاہتے ہیں امکان ہے کہ تقریباً10 ہزار طلبہ اسپیشل امتحانات میں شرکت کریں گے۔