معذور افراد کیلئے ماہانہ دوہزار روپے الاؤنس سنگین مذاق ہے ٗحافظ نعیم 

Dec 05, 2020

کراچی (نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے ادارہ نور حق میں خصوصی پروگرام ہوا جس کی صدارت امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی جبکہ پروگرام سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر واسع شاکر ، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی ، ڈس ایبلڈ فائونڈیشن کے چیئر مین شاہد احمد میمن ، پاکستان کوئز سوسائٹی کے صدر و کالج فار وومن کے پروفیسر حافظ نسیم احمد ، قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد کے رہنما خورشید اخترو دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔پروگرام میں سندھ کے مختلف شہروں سے معذور افراد نے خصوصی شرکت کی اور جماعت اسلامی کی جانب سے خصوصی افراد کیلیے کاوشوں کو سر اہا اور ’’حق دو کراچی تحریک ‘‘کی حمایت کا اعلا ن کیا ۔امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے معذور افراد کے لیے ماہانہ 2000روپے الاؤنس ایک سنگین مذاق ہے،حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی کے اس طوفانی دور میں معاشرے کی ایک بہت بڑی اکثریت متاثر ہے ایسی صورتحال میں یہ رقم نہ ہونے کے برابر ہے ،حافظ نعیم الرحمن نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معذور افراد کے لیے الاؤنس میں معقول اضافہ کیا جائے اور ان کے لیے سرکاری ملازمتوںکاکوٹہ بڑھایاجائے اورانہیں معاشرے کا مفیداورفعال حصہ سمجھا جائے ، معذوروں کو تمام شعبوں میں ملازمتیں دی جائے، سی ایس ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام میں معذور خواتین کو ان کا اصل مقام دیاجائے ،ان کی ضرورت کے لحاظ سے آرام دہ ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے ، اسٹیٹ بینک کے سر کلر کے مطابق معذوروں کے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں آسانیاں فراہم کی جائے۔اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر واسع شاکر ‘ نجیب ایوبی ‘  پروفیسر حافظ نسیم احمد‘  شاہد احمد میمن نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں