پاکستان ہاکی ٹیم 1994ء کے بعد ہاکی ورلڈ کپ نہ جیت سکی 

Dec 05, 2020

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتے 26 سال بیت گئے۔ 4 دسمبر 1994ء کو پاکستان ٹیم نے آخری مرتبہ سڈنی میں شہباز سینئر کی قیادت میں عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس ورلڈکپ کے بعد اب تک پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں گولڈ میڈل نہیں جیت پائی۔ سڈنی ورلڈکپ کے ان یادگار لمحات اور پرانی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے فاتح ٹیم کے رکن اولمپئین طاہر زمان میدان میں نکل آئے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی ٹرف ٹو پر ڈار ہاکی اکیڈمی کے زیر اہتمام اولمپئن منصور الیون اور رشید جونیئر الیون کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا۔گول کیپر منصور احمد اور منیجر رشید جونیئر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اولمپئن طاہر زمان نے کہا کہ پہلے میچ کے دوران والد کے انتقال کی خبر ملی لیکن  ملک کیلئے کھیلنے کو ترجیح دی۔  لیکن ٹرافی اٹھانے کی خوشی کو  بیان نہیں کیا جاسکتا۔  ورلڈکپ ڈے کو یاد کرنے کا مقصد سب ہیروز کی خدمات کا اعتراف ہے جن کی وجہ سے پاکستان نے دنیائے ہاکی پر راج کیا۔ اب ہاکی کے حالات دیکھ کر رونا آتا ہے۔

مزیدخبریں