لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کوہ پیماؤں کی 3 رکنی ٹیم نے موسم سرما میں پہلی مرتبہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے-ٹو (8،611 میٹر بلند) سر کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔ کوہ پیماؤں میں آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ جان ا سنوری، گلگت بلتستان کے 44 سالہ محمد علی سدپارہ اور ان کے 21 سالہ بیٹے ساجد علی سدپارہ شامل ہیں۔خیال رہے کہ کے ٹو کو کبھی بھی موسم سرما کے دوران سر نہیں کیا گیا۔ مقامی مزدوروں، ایک باورچی اور ایک گائیڈ، کوہ پیماؤں کی ٹیم کیساتھ موجود ہیں، جو یکم دسمبر کو سکردو سے کے-ٹو بیس کیمپ کیلئے روانہ ہوئے۔وہ جمعرات (3 دسمبر) کو گورو 2 پہنچے اور امکان ہے کہ وہ کل اتوار (6 دسمبر) کو کے ٹو بیس کیمپ پہنچ جائیں گے۔برف باری کے باعث خراب موسم نے کوہ پیماؤں کی اس مہم کو سست کردیا ہے۔ ٹور کمپنی کے اصغر علی پورک نے بتایا کہ مشن کے لیے درکار تمام سامان پہلے ہی کے-ٹو بیس کیمپ منتقل کردیا گیا تھا۔ کوہ پیماؤں کو بیس کیمپ میں ماحول کا عادی کیا جائے گا اور اس کے بعد 8 دسمبر کو چوٹی پر چڑھنا شروع کریں گے۔ کوہ پیما ٹیم کا ارادہ ہے کہ وہ 30 دسمبر تک کے ٹو چوٹی پر پہنچ جائیں۔