نئی دہلی (شہنوا+نوائے وقت رپورٹ)کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بھارتی کسانوں کے حق میں بیان دینے پر بھارت تلملا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان پر بھارتی حکومت نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا اور اس بیان کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ بھارتی حکومت نے کینیڈا کے ہائی کمشنر سے وزیراعظم ٹروڈو اور دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت وزرا کے بیانات پر بھی احتجاج کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو باور کرایا کہ کینیڈا کے رہنماؤں کی جانب سے بھارتی کسانوں کے احتجاج پر بیانات ناقابل قبول اور اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ اس طرح کے بیانات اگر جاری رہے تو یہ دونوں ممالک کے تعلقات پر سنجیدہ اثرات مرتب کریں گے۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریب سے خطاب میں جسٹن ٹروڈو نے احتجاج کرتے بھارتی کسانوں کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ احتجاج کسانوں کا حق ہے اور کینیڈا ہمیشہ اپنے حق کے لیے پر امن احتجاج کرنے والوں کا دفاع کرے گا۔
بھارتی حکومت کو کسانوں کے حق میں کینیڈین وزیراعظم کے بیان پر مروڑ، ہائی کمشنر کو بلا کر احتجاج
Dec 05, 2020