لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال نومبر کے دوران درآمدات میں اضافے کے باعث گزشتہ سال سے 8 فیصد زیادہ رہا ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اگست کے دوران اشیا کی بیرونی تجارت میں پاکستان کو 2 ارب 6 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جو اس سال اکتوبر سے 14.7 فیصد اور گزشتہ سال نومبر سے 7.9 فیصد زیادہ ہے ۔ نومبر کی برآمدات کا حجم 2 ارب 16 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال نومبر سے 7.7 فیصد اور اس سال اکتوبر کی برآمدات سے 2.7 فیصد زیادہ ہے جب کہ نومبر کی درآمدات کا حجم 4 ارب 22 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 7.8 فیصد اور اس سال اکتوبر سے 8.2 فیصد زیادہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کی مجموعی برآمدات کا حجم 9 ارب 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 2 فیصد زیادہ ہے جبکہ پانچ ماہ کا درآمدی بل 19 ارب 42 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال سے 7.8 فیصد زیادہ ہے پانچ ماہ کے دوران اشیا کی بیرونی تجارت میں پاکستان کو 9 ارب 68 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا،جو پہلے سے 0.5 فیصد زیادہ ہے۔ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی سترہ بنیادی اشیا کی قیمت میں 11 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے میں چکن کی اوسط قیمت میں 23 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھا گیا ۔انڈوں کی فی درجن قیمت 6 روپے اور گھی کی فی کلو قیمت تین روپے زیادہ ہو گئی ۔ہفتے کے دوران دودھ، دہی، دال مونگ، دال ماش اور کوکنگ آئل، کیلوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا اس دوران ایل پی جی، ہائی سپیڈ ڈیزل، صابن اور جلانے والی لکڑی کی قیمت بھی بڑھ گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو اوسط قیمت 7 روپے 13 پیسے اور گندم کے آٹے کی فی کلو اوسط قیمت 19 پیسے کم ہوئی تاہم سستی ہونے کے باوجود چینی کی قیمت اب بھی گزشتہ سال سے 22 فیصد اور آٹے کی 8 فیصد زیادہ ہے۔رواں ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی 51 بنیادی اشیا میں سے 38 گزشتہ سال کے مقابلے میں 86 فیصد تک مہنگی فروخت ہوئیں جبکہ سات اشیا کی قیمت گزشتہ سال سے کم ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی کی اوسط شرح رواں ہفتے 8.1 فیصد رہی تاہم خوراک زیادہ مہنگی ہونے کی وجہ سے غریب طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 9.7 فیصد تک پہنچ گئی۔
نومبر کے دوران تجارتی خسارہ14.70درآمدات 8.24فیصد بڑھیں: ادارہ شماریات
Dec 05, 2020