معیشت تباہ‘  نظام زندگی درہم برہم‘ عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں:  مریم نواز

Dec 05, 2020

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی)  مریم نواز نے کہا ہے  معیشت کی تباہی، بے روزگاری سے گھریلو زندگی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ خواتین ارکان پارلیمنٹ اور خواتین عہدیداران نے ملاقات کی۔ اجلاس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور سینٹ کی بیگمات نے بھی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ پی ڈی ایم کے لاہور میں 13 دسمبر کو جلسے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ خواتین نے جلسے کی کامیابی اور پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ مریم نواز نے خواتین کو جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو پاکستان کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے فیصلہ کن مرحلے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان کی 50 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہونے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مردوں سے دو قدم آگے بڑھ کر خواتین سیاسی معرکے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ فیصلہ سازی اور حکمت عملی کی تیاری میں خواتین کے کردار کو مزید بڑھائیں گے۔ پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کی کامیابی میں خواتین کا بڑا کردار ہوگا۔ خواتین کا جذبہ قابل رشک اور کامیابی کی نوید ہے۔ دوسری جانب 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کے حوالے سے نواز شریف نے مریم نواز کو سیاسی کارکنوں کے ساتھ ساتھ طلبہ یونینز کو بھی فعال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ جبکہ نوازشریف نے کہا کہ ایم ایس ایف، یوتھ ونگ اور شیر جوان فورس کو جلسے میں متحرک کردار ادا کرنے کا ٹاسک دیا جائے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کل اتوار دوپہر دو بجے کھوکھر پیلس ایوب چوک جوہر ٹائون مں سوشل میڈیا کے نوجوانوں سے خطاب کریں گی۔مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ سابق جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے لیکن اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نوازشریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کر گئے۔ انہوں نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہ اللہ ارشد ملک کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔ یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں۔ مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے۔ کیونکہ اللہ کبھی ظالم کے ساتھ نہیں۔

مزیدخبریں