اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیرکی عدالت نے نیب کی زیر حراست سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ گذشتہ روز نیب حکام نے سپریم کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار آغا سراج درانی کو سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ عدالت پیش کیا اور نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو کراچی منتقل کرنا ہے۔ ادھر عدالت کی طرف سے جاری تحریری حکم نامہ میں عدالت کا کہنا ہے کہ نیب 6 دسمبر یا اس سے پہلے آغا سراج درانی کو متعلقہ احتساب عدالت میں پیش کرے، تھانہ سیکرٹریٹ اور نیب راولپنڈی کی روزنامچہ رپورٹ اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی کاپیز پیش کی گئیں۔ آغا سراج درانی کے خلاف کراچی کی احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیرسماعت ہے۔ دریں اثناء آغا سراج درانی نے احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیا ہے، ٹرائل کورٹ میں اب جائیں گے، دو سال سے کیس چل رہا ہے، کراچی سے اس لیے گرفتار نہیں کیا جاتا کیونکہ جہازوں میں آنے جانے کا شوق ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو دن کا راہداری ریمانڈ ہوا ہے، بس تیس سال سے ہمارے ساتھ یہی سلوک ہو رہا ہے۔