اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران کان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل سپورٹس پالیسی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا ،پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے ،اجلاس کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے، نیشنل سپورٹس پالیسی، اس حوالے سے صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے جسکے تحت بورڈ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے، بورڈ کے اختیارات و ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضائ کے قیام کا خاص خیال رکھا گیا ہے، آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ نیا آئینی مسودہ سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے، مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں رجسٹریشن، الیکشن کا طریقہ کار، ماڈل کانسٹی ٹیوشن، ریگیلیٹری فریم ورک اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ آرگنائیزیشن آف پاکستان شامل ہیں، اجلاس کو بتایا گیا صوبوں سے تعاون و روابط بڑھا کر ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھائی جائیں گی ،صوبے مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور کلبز و ایسوسی ایشنز کو سہولیات فراہم کریں گے۔
پاکستانی نوجوانوںمیں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت ہے:عمران خان
Dec 05, 2021