لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین رائس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب شہزاد علی ملک نے سینٹرل پنجاب میں نان باسمتی ہائبرڈ چاول کی بڑھتی ہوئی بوائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سائنسدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ باسمتی ہائبرڈ چاول کی تیاری کے لیے تیزی سے کام کریں تاکہ کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے۔ وہ گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز، کمپنی، نان باسمتی ہائبرڈ بیج کی سرخیل اور معروف کمپنی کی سالانہ سیلز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ کو سندھ میں اس لیے متعارف کرایا گیا کیونکہ اس علاقے میں بنیادی طور پراری چاول پیدا ہو رہے تھے، جس کی پیداوار 40-50 من فی ایکڑ ہے۔ تاہم، ہائبرڈ چاول کے متعارف ہونے سے پیداوار میں اضافہ ہوا اور کاشتکار کو 110-120 من فی ایکڑ حاصل ہونے لگا۔سندھ کے بعد ہائبرڈ چاول جنوبی پنجاب میں متعارف کرایا گیا لیکن اب یہ بنیادی باسمتی کے علاقے یا وسطی پنجاب میں بھی بویا جا رہا ہے۔سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور گارڈ گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کمپنی کے آغاز پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس کے ملک بھر میں گرمی برداشت کرنے والی، خشک سالی کو برداشت کرنیوالی اور زیادہ پیداوار دینے والی چاول کی اقسام تیار کرنے کیلئے پانچ ریسرچ سٹیشن ہیں۔
سائنسدان باستمی ہائبرڈ چاول کی تیاری کیلئے کام کریں: شہزاد علی ملک
Dec 05, 2021