کابل  حملہ: داعش نے ذمہ داری قبول کرنے  کا دعویٰ کیا‘ تصدیق کر رہے ہیں: پاکستان

Dec 05, 2022


کابل+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کیلئے پاکستانی نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا ہے کہ داعش نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ آزادانہ اور افغان حکام کے ساتھ ملکر ان اطلاعات کی تصدیق کر رہے ہیں۔ خطے اور افغانستان کے امن و استحکام کو دہشتگردی سے خطرہ لاحق ہے۔ ہم سب کو مل کر دہشتگردی کی اس لعنت کو شکست دینی ہے۔ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے۔ علاوہ ازیں دفترخارجہ نے کہا ہے کہ داعش خراسان نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق افغان حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم ان رپورٹس کی سچائی کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ دہشت گردی سے افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ لہٰذا اس لعنت کو شکست دینے کیلئے تمام تر اجتماعی طاقت کے ساتھ عزم سے کام لینا چاہئے۔ دفترخارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشتگرد داعش کے گروپ خراسان (آئی ایس کے پی) کی طرف سے 2 دسمبر 2022 ء کو پاکستانی سفارت خانے کے احاطے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی اطلاعات دیکھی ہیں، ان اطلاعات کے حقائق سے متعلق پاکستان آزادانہ طور پر اور افغان حکام کے ساتھ مشاورت سے تصدیق کر رہا ہے۔

مزیدخبریں