گوالمنڈی: تیسری منزل پر آگ لگنے سے ماں اور بیٹا جاں بحق


لاہور (نامہ نگار) گوالمنڈی کے علاقے میں ایک گھر کی تیسری منزل پر آتشزدگی کے نتیجے میں ماں، بیٹا جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری رہا۔ کرشنا گلی نمبر دو میں ایک 4 منزلہ گھر کی تیسری منزل پر گزشتہ رات اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ناقابل شناخت نعشیں عمارت سے باہر نکال لیں۔ آگ کی زد میں آکر لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل گیا ہے۔ آتشزدگی سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ملحقہ عمارتوں کے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ اس منزل پر 80 سالہ معمر خاتون فاطمہ بی بی اور اس کا 45 سالہ بیٹا قاری عبید اللہ رہائش پذیر تھے۔ پولیس کے مطابق شناخت کے بعد مرنے والوں کے ناموں کا تعین ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن