راولپنڈی + اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+نامہ نگار )پاکستان مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی صدر سینیٹر و سابق صوبائی وزیر بیگم نجمہ حمید مرحومہ کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہر اقصٰی مسجد کے پارک میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں مسلم لیگ ن کے قائدین سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، سماجی شخصیات،سرکاری افسران اور شہریوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سابق سینیٹر راجہ محمدظفر الحق، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، چوہدری تنویر ، اقبال ظفر جھگڑا،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سینیٹرمصدق ملک، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، چیئرمین پیمرا مرزا سلیم بیگ، میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، سربراہ سویٹ ہوم زمرد خان، ایم ڈی پاکستان بیت المال ملک عامر فدا پراچہ، حنیف عباسی، راحت قدوسی، انجم عقیل خان، سردار نسیم، سید نیر حسین بخاری، سید ظفر علی شاہ، طلال چوہدری، فرحت اللہ بابر،محمد افضل کھوکھر، شیخ راشد شفیق ، راجہ راشد حفیظ، سردار فاروق سکندر سمیت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شرکاء نے مرحومہ کے شوہر حمید اختر اور ان کے صاحبزادوں عمر حمید، رضوان حمید اور علی رضا حمید سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ بیگم نجمہ حمید مرحومہ کو قبرستان مغلاں سیٹلائٹ ٹاؤن میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نمازجنازہ کے بعد ان کی چھوٹی ہمشیرہ طاہرہ اورنگزیب ایم این اے اور بھانجی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے تعزیت کرنے والوں کی بہت بڑی تعداد بیگم نجمہ حمید کی رہائشگاہ پر پہنچی، مرحومہ کے قل آج 5 دسمبر بروز پیر، دن گیارہ بجے صدیق میرج ہال سکستھ روڈ میں ادا کئے جائیں گے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار مرحومہ نجمہ حمید کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ ، صاحبزادوں سے اظہار تعزیت کیا۔ طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب سے بھی اظہار افسوس کیا۔ وزیر خزانہ نے ملک و قوم، جمہوریت اور پارٹی کے لئے خدمات پر بیگم نجمہ حمید کو خراج عقیدت پیش کیا، درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
نجمہ حمید سپرد خاک،نماز جنازہ میںوفاقی وزرا، حکومت ،اپوزیشن ارکان کی شرکت
Dec 05, 2022