لاہور(خصوصی نامہ نگار)وفاقی شرعی عدالت نے سود کی حرمت کا فیصلہ اور خاتمے کی ڈیڈلائن مقرر کر دی ہے۔ ملکی معیشت سے سود کے خاتمے کے لیے عوامی پریشر بھی آنا چاہیے۔ انسدادِ سودکے فیصلے کے خلاف کی گئی اپیلیں واپس نہ لی گئیں تو سودی نظام کے حوالے سے پاکستان وہیں کھڑا دکھائی دے گا جہاں قیام پاکستان کے وقت کھڑا تھا۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے حرمتِ سود سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نفاذِ شریعت کے لیے پرامن، منظم اور غیر مسلح تحریک چلائی جائے۔ اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کرنا ہم سب پر لازم ہے۔ حال ہی میں تمام مکاتبِ فکر کے علماء پر مشتمل اتحادِ تنظیماتِ مدارس کا قرآن پاک کیایک ترجمہ پر متفق ہو جانا دورِ حاضر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ علمائے کرام جب بھی کسی ایشو پر متفق اور متحد ہوئے ہیں اللہ تعالی نے انہیں کامیابی سے نوازا ہے۔
نفاد شریعت کیلئے پرامن، منظم تحریک چلائی جائے، شجاع الدین شیخ
Dec 05, 2022