سندھ کا یوم ثقافت، ہر طرف ٹوپی، اجرک کی بہار،دھرتی سے محبت کا اظہار


کراچی‘ حیدرآباد‘ شہداد پور(این این آئی)کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں اتوارکو سندھ کی ثقافت کا دن انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا،ہرطرف ٹوپی، اجرک کی بہارتھی۔سندھ کے مختلف شہروں میں یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف پرو گرام، کلچرل شو اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سندھ کے یوم ثقافت کے موقعے پر پیپلز بس سروس کا عملہ اجرک اور سندھی ٹوپی میں نظرآیا۔کراچی میں یوم ثقافت کی مرکزی تقریب کراچی پریس کلب کے سامنے منعقد ہوئی،مختلف علاقوں سے ثقافتی لباس میں ملبوس شہری ریلیوں کی شکل میں ثقافتی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔مختلف سیاسی، سماجی اور ثقافتی تنظیموں کی جانب سے سندھ کی قدیمی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے اتوارکو رات گئے تک تقریبات کا انعقاد کیا گیاجبکہ تعلیمی اداروں اورمختلف محکموں میں یہ سلسلہ ہفتہ بھرجاری رہے گا۔کراچی میں مختلف سیاسی و سماجی اور قوم پرست تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جلسے جلوس اور سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سندھ ٹوپی اور اجرک ڈے کے موقع پر نوجوان بچے، خواتین اور بزرگوں نے سندھی ٹوپی اور اجر ک پہن کر ثقافت کے رنگ نمایاں کیے،مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل ریلیاں نکالی گئیں۔کراچی پریس کلب کے باہر گلوکاروں ، فنکاروں نےکلچرل شومیں فن کا مظاہرہ کیا جس میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ سندھی لوک فنکاروں نے گیت پیش کیے، خواتین، بچوں اور نوجوانوں نے ثقافتی رقص کرکے اپنی دھرتی سے محبت کا اظہار کیا۔سربراھ قومی عوامی تحریک ایازلطیف پلیجو نے کراچی پریس کلب پر کلچر ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ کے ثقافتی دن پر پاکستان کے تمام لوگوں کو مبارک دیتے ہیں،سندھ تہذیبوں کی ماں ہے، انڈس سولائیزیشن پر دنیا کو فخر ہے،سندھ نے دنیا کو امن، رواداری اور محبت کا عالمی پیغام دیا،ہمیں سندھی کے ساتھ اردو، پنجابی، پشتو، بلوچی، ہندکو اور سرائیکی زبانیں بھی عزیز ہیں،سندھ سمیت پورا ساﺅتھ ایشیا امن، آرٹ اور محبت کی سرزمین ہے،سندھ سمیت پورے ملک میں میرٹ، امن اور برابری چاہتے ہیں،شاھ لطیف، سچل کا فکر لوگوں کو جوڑنے کا درس دیتا ہے،سندھ کے نوجوان تعلیم پر توجہ دیں، ترقی کا یہی راستہ ہے،سندھ ابھی تک سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، پانی نکالا جائے،بچے بھوکے اور بیمار ہیں، لوگ ملیریا اور ڈینگی سے مر رہے ہیں۔ ایاز لطیف پلیجونے مطالبہ کیا کہ سندھ اور ملک سے تمام غیر قانونی تارکین وطن واپس بھیجے جائیں۔سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان بوڑھے بچے رقص کرتے ہوئے کراچی سمیت صوبے بھرمیں سڑکوں پر نکل آئے ریلیاں نکالی گئیں نوجوانوں ،بوڑھے اور بچوں نے سندھی ٹوپی اجرک پہن کر ثقافتی دن کی خوشی میں رقص کیا اور گیت بھی گائے۔اس موقع پر لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ دن ہماری ثقافت کا دن عید سے کم نہیں ہے یہ دن ہم ہمیشہ اسی جوش و جذبے سے مناتے ہیں اور ہمیشہ ایسے ہی مناتے رہینگے۔ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے سندھی گیتوں پررقص اور بھنگڑے ڈالے۔کراچی کی سڑکوں باالخصوص کراچی پریس کلب اوراطراف کے علاقوں میں ہر طرف اجرک اور ٹوپی کی بھارتھی ریلیوں میں شریک لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنی سندھ دہرتی سے اپنی ماں کی طرح پیار کرتے ہیں اور فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہم ایک سندھی قوم ہیں اور سندھ ہماری ماں ہے، ہم اپنے سندھ کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں سندھ کا ہر بیٹا اور بچہ بچہ اپنے سندھ دھرتی کا محافظ ہے اور سندھ دھرتی پر جان دینے کے لیے تیار ہے۔ شہداد پور سے نامہ نگار کے مطابق شہدادپور میں سندھی ثقافتی دن نہایت دھوم دھام سے منایا گیا۔شہدادپور شہر اور اس کے گردونواح کے دیہاتوں قصبوں میں لوگ سندھی ٹوپی اجرک پگڑی پہنے قومی ترانوں پر رقص کرکے خوشی کا اظہار کیا۔شہدادپور پریس کلب کے صحافیو ں کی جانب سے پریس کلب کے گیٹ کے بابر ثقافتی دن پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا۔جبکہ ابڑا محلہ پر پیپلزپارٹی کے رہنما منور ابڑو اور راشد ابڑو کی جانب سے ایک کیمپ لگایا گیا قومی گیتوں پر رقص کیا اور سندھ سے اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا۔پریس کلب کے باہر لگائے گئے ثقافتی کیمپ پر سابق ایم پی اے فقیر محمد بخش خاصخیلی۔پ پ رہما فدا حسین ڈیرو۔محسن وسان۔انجمن تاجران شہدادپور کے صدر الحاج غلام دستگیر قریشی۔انجمن تاجران کے صوبائی صدر حاجی جاوید قریشی۔پی ٹی آئی کے چوہدری انجم انڈس کانگریس کے سربراہ ایڈوکیٹ غلام مصطفی سومرو۔سندھ بروھی اتحاد کے رہنما خدا داد بروھی۔نذیر بروھی۔سمیت سیاسی سماجی تجارتی سول سوسائٹی نے بڑی تعداد کیمپ میں پہنچی۔انھوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت 5ہزار سال پرانی ہے۔اجرک ٹوپی پگڑی سندھ کی قدیمی ثقافت ہے ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے ہم سب لوگوں کیلئے یہ دن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
 سندھ کلچرل ڈے

ای پیپر دی نیشن