سندھ محبت،ایثار اور خلوص کی دھرتی، پوری دنیا کو کلچرل ڈے مبارک: صوبائی وزرائ


کراچی(این این آئی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن ‘ وزیر بلدیاتی ناصر شاہ‘ وزیر جنگلات تیمورتالپور‘ اقلیتی وزیر گیان چند ایسرانی ‘ ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب و دیگر نے سندھ کے یومِ ثقافت پر پیغام دیتے ہوئے کہاہے کہ سندھ ، پاکستان اور سارے جہاں کے انسانوں کو عظیم سندھ کی ثقافت کا دن مبارک ہو،سندھی ثقافت کا منایا جانا دراصل سندھ کی انسان دوست روایات کو آگے بڑھانے کا نام ہے۔انہو ں نے کہاکہ سندھ انسانی حقوق کے عظیم علمبرداروں شاہ لطیف، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی ہے، سندھی ثقافت اور تہذیب اتحاد ،محبت اور انسانی احترام کی ثقافت ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ثقافت اپنی دھرتی سے جڑے رہنے کا نام ہے۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سندھ کے یومِ ثقافت پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ محبت ، ایثار اور خلوص کی دھرتی ہے، سندھ کے لوگ سندھو دریا کے پانی کی طرح نرم خو اور میٹھے ہیں،مہذب دنیا کی تحقیق سے ثابت ہے سندھ ہزاروں سال قدیم تہذیب کا حامل ہے۔صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے سندھی ثقافت کے قومی دن پر پوری پاکستانی قوم اور بالخصوص سندھ میں بسنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھی ثقافت ہزاروں سال قدیم ہے اور یہ اپنے اندر تہذیب کے متنوع رنگوں کو سموئے ہوئے ہے اور ہمیں پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام اور ان کی تہذیب اور ثقافت کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ عمل پاکستان کے استحکام ضامن اور ملک میں بھائی چارے کے فروغ کا سبب بنے گا ۔ صوبائی وزیر جنگلات نوابزادہ محمد تیمور تالپور نے ایکتا دن(سندھی ثقافتی دن)کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ زندہ و جاوید قومیں اپنی تاریخ، تہذیب اور ثقافت کو کبھی نہیں بھولتی ہیں ۔صوبائی وزیراقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے سندھ کے یومِ ثقافت پر پیغام میں کہاہے کہ یوم ثقافت پر سندھ سمیت دنیاکے کونے کونے میں بسنے والے سندھیوں کو یوم ثقافت کی مباکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت امن ، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے ،سندھ کی ثقافت بلا رنگ ، نسل اور مذہب کی تفریق کا نچوڑ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ نے صدیوں سے رواداری کا پرچار کیا ہے ، ثقافت نفرتوں کو ختم کرنے اور انتہا پسندی کو روکنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی برادری کا سندھ کی ثقافت میں نمایاں حصہ ہے ، اقلیتی برادری یوم ثقافت پر اپنے بھرپور رنگوں کے ساتھ شامل ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پوری قوم کو سندھ کا خوبصورت ثقافتی دن مبارک ہو۔
 صوبائی وزرائ

ای پیپر دی نیشن