کراچی(این این آئی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے سندھ کلچر ڈے کے موقع پر گورنر ہاس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،صوبائی وزیر محنت سعید غنی ، اومان، قطر ، بحرین کے قونصل جنرلز، بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر، عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ حاضرین محفل نے گورنر سندھ کے اس اقدام کو سراہا۔ تقریب میں حسن سرہندو ،نروندا مالنی اور فہیم الن فقیر نے سندھ کے روایتی گیت اور سازوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں پاکستان اور کراچی کا بیٹا ہونے پر ناز ہے انہیں سندھ دھرتی کا باسی ہونے پر بہت زیادہ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس تقریب کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنا اور صوبہ کی صدیوں پرانی تہذیب کا جشن منانا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں صوبہ کے عوام میں یکجہتی اور بھائی چارہ پیدا کرنے کے مشن پر ہوں کیونکہ ہم سب مل کر شاہ لطیف کی اس دھرتی کو امن و محبت کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صوفیوں اور قلندروں کی دھرتی ہے جنہوں نے ہمیشہ محبت کا درس دیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین تہذیب میں سے ایک ہے اور سندھی ثقافتی دن ایثار ،بھائی چارے اور محبت کا درس دیتا ہے، اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارا فخر ہے اور ثقافت کا اہم جزو بھی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ثقافت دنیا بھر کے انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ سندھ کی ثقافت آج دنیا بھر میں پھیلی نظر آتی ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سیلاب زدگان کوبھی یاد رکھنا ہے کیونکہ بہت سے خاندان آج بھی بے گھر ہیں اور ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر سندھ نے جس طرح اس تقریب کا انعقاد کیا ہے وہ ان کی سندھ دھرتی سے محبت کا اظہار ہے۔
گورنر سندھ