لاہور(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل‘ انگلینڈ کے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا لئے ہیں۔میچ کے آخری روز پاکستان کو جیت کیلئے 263 رنز درکار جبکہ 8 وکٹیں باقی ہیں۔ امام الحق 43 اور سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق 6 اور کپتان بابر اعظم 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔اس سے قبل پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 7 وکٹ 499 رنز سے آگے بڑھائی، آغا سلمان 53 ‘ زاہد محمود 17 اور حارث رؤف 12 رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگزمیں 579 رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔ انگلینڈ کے ول جیکس نے 161 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگزمیں 78 رنزکی برتری کیساتھ انگلینڈ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو سنچری میکر بین ڈکٹ کو صفر پرنسیم شاہ نے بولڈکیا، اولی پوپ بھی 15 رنزپر محمد علی کا شکار بنے، زاک کرالی کو50 رنزپر محمد علی نے میدان بدرکیا، پھرجوروٹ نے ہیری بروک کیساتھ 96 رنزکی شراکت لگائی، جو روٹ 73 رنزبناکر زاہد محمود کی گیند پر کیچ تھماگئے، کپتان بین سٹوکس کوئی رن نہ بناسکے، ہیری بروک نے ول جیکس کے ساتھ مل کرسکور 248 رنز تک پہنچایا، ول جیکس 24 رنزپر آغاسلمان کا شکارہوئے۔ چائے کے وقفے سے قبل نسیم شاہ نے ہیری بروک کو 87 رنزبولڈکردیا، وقفے کے دوران انگلینڈ نے اننگز ڈکلیئرکرنے کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز 7 وکٹ 264 رنزپرڈکلیئر کرکے ڈرا ہوتے میچ میں جان ڈال دی۔پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف ملا، جواب میں چوتھے دن کے اختتام تک پاکستان نے میں دو وکٹ پر 80 رنزبنالیے ہیں۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 657رنز بنائے تھے ۔