طلاق کی بڑی وجہ والدین کی رضامندی  کو پس پشت ڈالنا ہے، حاجی حنیف طیب

Dec 05, 2022


کراچی(سٹی ڈیسک )سابق وفاقی وزیر و بانی المصطفی ویلفیئر سوسائٹی  حاجی محمد حنیف طیب نے  کہا ہے کہ معاشرے میں طلاق کے رجحان بڑھنے کی وجہ  والدین کی رضامندی کو پس پشت ڈالنا  ہے،ہر سطح پر اور ہر مسئلے کے حل میں مشاورت کی اہمیت رہی ہے،مشاورت کا عمل سنت نبوی ? سے بھی ثابت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے ٹرسٹی اویس آفاقی کی زیر سرپرستی المصطفی تھنکرز فورم کے تحت ماہانہ لیکچر میں کیا۔ ڈاکٹر  عبد الوہاب اکرم قادری نے  خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تھنکرز فورم کی ماہانہ نشست پر روشنی ڈالی۔سابق وفاقی وزیر و بانی المصطفی ویلفیئر سوسائٹی  حاجی محمد حنیف طیب نے مزید کہا کہ مشاورت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔المصطفی تھنکرز فورم کے قیام کا مقصد بھی خاندانی،بلدیاتی،سماجی،شہری  اور ملکی مسائل کے حل کے لیے ماہرین سے مشاورت کرنا ہے۔انہوں مزید کہا کہ معاشرے میں طلاق کے رجحان بڑھنے کی وجہ  والدین کی رضامندی کو پس پشت ڈالنا ہے۔اگر طلاق سے پہلے خاندان کے بزرگ بیٹھ کر بات چیت کرلیں تو اس رجحان میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ کورونا کے دوران ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا کیونکہ خاندان کے افراد جب مجبوراً ایک ساتھ بیٹھے تو کئی مسائل حل ہوگئے۔انہوں نے آرمی چیف کے تقرر کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو نے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے نئے آرمی چیف  جنرل حافظ عاصم منیر اور چیف آف جوائنٹ اسٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد پیش کی۔المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی ملیر کے ٹرسٹی و نگراں اویس آفاقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھنکرز فورم کے پلیٹ فارم سے سماجی مسائل کے حل کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بقایا اراضی کا چالان جاری کر دیا گیا ہے جو طویل عرصے سے زیر التوا تھا۔لیکچر کے شرکاء  میں سابق رکن قومی اسمبلی ساجد احمد، سابق یو سی چئیر مین سید محمد عالم ایڈووکیٹ، ماجد رضا، شکیل صدیقی، صغیر انجم، یونس قادری و دیگر معززین شامل تھے۔

مزیدخبریں