پی ایس ایس او ڈائمنڈ جوبلی اسکول کالجز یونیورسٹیز گیمز کی اختتامی تقریب 

Dec 05, 2022


کراچی (این این آئی)پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپکس کے زیر اہتمام منعقدہ پی ایس ایس او ڈائمنڈ جوبلی اسکول کالجز یونیورسٹیز گیمز 2022-23کی تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپکس کے صدر سید گوہر رضا کے مطابق تقریب تقسیم انعامات میں تمام گیمز اور ڈسپلن کے فاتح اور رنر اپ اسکول ،کالج اور یونیورسٹیز کی ٹیموں نے شرکت کی ۔ڈی ایچ اے سی ایس ایس ڈگری کالج بوئز اینڈ گرلزکے اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب کی صدارت ایگزیکٹو ڈائرکٹر ایجوکیشن ڈی ایچ اے کراچی بریگیڈئر(ر)محمد ارشد خان نے کی جبکہ گیسٹ آف آنرز میںڈپٹی ڈائرکٹر پرائیویٹ اسکولز گلاب رائے،غلام مرتضیٰ اسسٹنٹ ڈائرکٹر پرائیویٹ اسکولزاور پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں شامل تھے ۔مہمان خصوصی نے نجی اسکولوں کے اس ایونٹ کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے طلباو طالبات کی مخفی صلاحیتوں کو بھی جلا ملتی ہے اور زندگی کے تمام شعبہ جات میں بہتر پرفارمنس دے سکتے ہیں ۔پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپکس کے صدر سید گوہر رضا نے کہا کہ کراچی کے تمام تعلیمی اداروں کو اس ایونٹ کا تمام سال انتظار رہتا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ بھی اسکولز کالجز یونیورسٹیز گیمز کا اس سے بھی بہتر انداز میں انعقاد کیا جائے ،اسکولوں کی درخواست پر آئندہ کے گیمز میں مزید کھیلوں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ڈپٹی ڈائرکٹرپرائیویٹ اسکولز گلاب رائے کاکہنا تھا کہ پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کی کھیلوں کے فروغ میں کاوشیں قابل قدر ہیں ،ہماری بھر پور سپورٹ آئندہ بھی ان کے ساتھ رہے گی ۔مدثر آرائیں نے حالیہ منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی اسکول کالجز یونیورسٹیز گیمز کو کامیاب ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبا وطالبات کے لئے  غیر نصابی سرگرمیوں میں اس سے بہتر کوئی خوشگوار تجربہ نہیں ہو سکتا ۔ بعد ازاں گیمز میں شریک آٹھ گیمز کے تمام ڈسپلن کے فاتح اور رنر اپ اسکولوں کے کپتانوں کو ٹرافیز اور اسناد دی گئیں ۔اس موقع پر ایونٹ میں شریک تمام اسکولوں کے سربراہان ،پی ٹی آئیز ،اسپورٹس ٹیچرزاور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی شریک تھی ۔

مزیدخبریں