پیپلزپارٹی رہنمائوں کی وقار مہدی کو  بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد 


کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے جنرل سیکرٹری کراچی پی پی پی وقار مہدی کے بلا مقابلہ سینیٹر بننے پر وقار مہدی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پی پی پی کی رہنما شہنیلہ خانزادہ اورسندھ پیرا میڈیکل اسٹاف کے صدر سلمان میمن ودیگر  نے وقار مہدی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ شہنیلہ خانزادہ نے کہا کہ وقار مہدی کراچی اور سندھ کی ترقی کے لئے بہترین کردار ادا کریں گے۔ وہ پی پی پی کی اساس ہیں اور رول ماڈل رہنما ہیں ۔ انکے سینیٹر بننے سے جیالے ہی نہیں بلکہ سندھ بھر کے عوام خوش ہیں۔ وہ سندھ بالخصوص کراچی کا مقدمہ شاندار طریقے سے لڑیں گے۔ رہنمائوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے اپنا امیدوار وقار مہدی کے حق میں دستبردار کرنے کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ سندھ پیرا میڈیکل اسٹاف کے صدر سلمان میمن نے کہا کہ وقار مہدی کی جیت ہر جیالے کی جیت ہے اور وہ سب کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس روایت کو آئندہ آنے والوں کو بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وقار مہدی بہترین انسان ، سیاست دان اور خدمت میں پیش پیش ہیں انکی سینیٹر شپ کراچی کے لئے تحفہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن