اتحادی نہیں بنیں گے پرچم، اپنے   نشان اور اپنی قیادت کے ساتھ انتخابی معر کے میں اتریں گے :پروفیس ابراہیم

Dec 05, 2022


پشاور(بیورورپورٹ) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آنے والے انتخابات میں کسی کی اتحادی نہیں بنے گی۔ اپنے پرچم، اپنے نشان اور اپنی قیادت کے ساتھ انتخابی معرکے میں اتریں گے تاہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا آپشن کھلا رہے گا۔ جماعت اسلامی مزید کسی کو اپنا کاندھا فراہم نہیں کرے گی۔ جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کو اپنی دعوت سے روشناس کرائیں اور انہیں اپنی تحریک کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کریں۔ اب تک جتنے بھی حکمران آئے ہیں کسی نے ملک اور عوام کا نہیں سوچا، سب اپنی تجوریاں بھرتے رہے۔ جماعت اسلامی ہی اس ملک کی تقدیر بدلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی سنگوٹہ میں جماعت اسلامی سوات کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر حمید الحق اور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ ہم 2018ء تک مختلف اتحادوں کا حصہ رہے لیکن اب جماعت اسلامی نے اتحادی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے۔ اب ہم سولو فلائٹ لیں گے اور کسی بھی اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی جماعت ہمارے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا چاہتی ہے تو ان کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت الٰہیہ کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔ ہماری سعی و جہد کا مقصود اللہ تعالیٰ کی رضا ہے اور اسی کی دین کی سربلندی کے لئے ہم کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک مسائلستان بن چکا ہے۔ حکمران آتے ہیں، قومی خزانہ لوٹتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ غریب عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے تکلیف میں ہیں لیکن حکمرانوں کو ان کی پرواہ نہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ان لٹیروں کا احتساب کرے گی اور ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالے گی۔

مزیدخبریں