کہوٹہ(نامہ نگار) تحریک انصاف کے مستعفیٰ ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور چیئرمین آر ڈی اے طارق مرتضیٰ کے خلاف اپنی ہی جماعت کے سابق ایم پی اے کرنل (ر ) شبیر اعوان، سابق تحصیل صدر تحریک انصاف تحصیل کہوٹہ راجہ خورشید ستی اور سابق امیدوار قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ قائد اعظم تحصیل کہوٹہ راجہ طارق عظیم پھٹ پڑے ۔ تحریک انصاف کے مستعفیٰ ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور چیئرمین آر ڈی اے طارق مرتضیٰ نے تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کرکے مسلم لیگ (ن) اور مخالف سیاسی جماعتوں کو ترقیاتی فنڈز دیئے ۔ حالیہ ضمنی الیکشن میں کہوٹہ اور کلر سیداں سے 70ہزار ووٹ لینے والے امیدوار ایم پی اے کرنل (ر ) شبیر اعوان کو نہ صرف ضمنی الیکشن میں جماعت کے اندر مفاد پرستوں نے نقصان پہنچایا بلکہ اب تحریک انصاف کی تقریبات اور میٹنگز میں کرنل (ر ) شبیر اعوان اور ان کے سپورٹرز اور ووٹرز کو نظر انداز کرکے تحریک انصاف کے مستعفیٰ ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور چیئرمین آر ڈی اے طارق مرتضیٰ نے تحریک انصاف میں گروپ بندی کو فروغ دیا ۔ کلر سیداں ،دھن گلی روڈ اور کہوٹہ سٹی واٹر سپلائی صرف اور صرف کرنل (ر ) شبیر اعوان کا کارنامہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار رہنما تحریک انصاف و سابق ایم پی اے کرنل (ر) شبیر اعوان اور ضلع رہنما تحریک انصاف خورشید ستی ، سابق امیدوار قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ قائد اعظم تحصیل کہوٹہ راجہ طارق عظیم نے کہوٹہ شہر کے معروف معالج اور سیاسی و سماجی رہنما ڈاکٹر علیم کی رہائش گاہ پر ان کی جانب سے دیئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔
ان موقع پر بار ایسوسی ایشن کہوٹہ کے شکیل قریشی ایڈووکیٹ ، راجہ مجیب اللہ ستی ،سابق سیکرٹری تحصیل کہوٹہ تظرف ستی ، سابق کونسلر کہوٹہ سٹی ماسٹر (ر ) نواز قریشی ، مظہر قریشی ، نوید ستی ، صدر خواتین ونگ تحصیل کہوٹہ میڈم نعیم گل اور دیگر مقررین اور تحریک انصاف کے رہنمائوں کارکنوں نے بھی خطاب کیا ۔