اوگی (نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن تحصیل اوگی کے صدرسیف الرحمن نے اوگی کیلئے منظور شدہ یونیورسٹی کیمپس کا منصوبہ سرد خانے کی نذر ہو نے پرشدیدافسوس کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے اوگی یونیورسٹی کیمپس کے منصوبے پرفوری عملی جامہ پہنانے کامطالبہ کیاہے تا کہ یہاں کے نوجوان طلبہ کی احساس محرومی کاخاتمہ ہوسکے، میڈیاسے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ اوگی یونیورسٹی کیمپس سب سے پہلے منظوراہوا،لیکن بٹگرام کیمپس میں کلاسز کااجراء بھی ہوچکاہے جبکہ اوگی کیمپس کاوجودہی نہیں ہے،انہوں نے کہاکہ چھ سال قبل سابق وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی نے ایچ ای سی حکام کے ہمراہ یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے مختلف جگہوں کا معائنہ بھی کیا اور عارضی بلڈنگ کے بندوبست کے بعد یونیورسٹی کیمپس اوگی کے آغاز اور تین ڈیپارٹمنٹ چلانے کا اعلان بھی کیا مگر کلاسز کا اجراء ہو سکا اور نہ ہی کیمپس کے قیام کے آثار نظر آسکے جس کے سبب لوگوں میں سخت تشویش ہے ، اوگی کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں اور طلباء تنظیموں نے بھی اوگی یونیورسٹی کیمپس کے قیام میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ اوگی یونیورسٹی کیمپس ایک دیرینہ مطالبہ اور طلبہ کی اشد ضرورت لیکن اسکے لئے عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں اگریہ منصوبہ التواء کی نذرہوا تو یہ اگرورتناول تورغرکے ساتھ بہت بڑا ظلم ہوگا،انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی مذکورہ منصوبے پر فوری عمل در آمد کا مطالبہ کیا ہے ۔