حیدرآباد(بیورو رپورٹ) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی کلچر ڈے،سندھ کی ثقافت کا دن منایا گیا،اس حوالے سے حیدرآباد، لطیف آباد و قاسم آباد میں بڑی تعداد میں شہریوں نے سندھی ٹوپی ، اجرک و اپنا ثقافتی لباس زیب تن کرکے ریلیاں نکالیں ، شہر کی مختلف شاہراہوں پر،ریلیوں میں شریک نوجوان سندھی نغموں پر رقص کرتے رہے جبکہ نوجوانوں نے اپنی گاڑیوں کو اجرکوں سے سجایا تھا اور صبح سے رات تک شاہراہوں پر جشن کا سماں تھا ، اس حوالے سے سب سے بڑا اجتماع پریس کلب کے سامنے ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے سارا دن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور جشن منایا۔اس میں مختلف سیاسی جماعتیں جن میں پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ، تحریک انصاف ، پاک سرزمین پارٹی، ہم عوام پارٹی، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن، آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے علاوہ سندھ ترقی پسندپارٹی، جئے سندھ محاذ، سندھ یونائٹیڈ پارٹی، مختلف ٹریڈ یونینوں، قوم پرست جماعتوں و شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک دوسرے کو سندھی ٹوپی و اجرک کے تحائف پیش کی گئی۔ سندھی کلچر ڈے کے موقع پر مختلف سندھی میڈیا کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ایک بڑا اسٹیج بنایا گیا جس پر سارا دن سندھ کے راگی فقیر ، لوک فنکار وں نے اپنے فن کامظاہرہ کیا،اور خوب داد وصول کی ،اسی طرح حیدرچوک پر سندھ ہاری کمیٹی و سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جس پر سارا دن سندھ کے نغمے بجائے جاتے رہے جہاں نوجوان رقص کرتے نظر آئے، شہر کے مختلف مقامات سے نوجوانوں نے اپنی گاڑیاں اجرکوں سے سجاکر ریلیاں نکالیں۔جبکہ پریس کلب کے سامنے پہنچنے والی ثقافتی ریلیوں کے قائدین کا کہنا تھا اجرک امن ، محبت و بھائی چارے کی علامت ہے ، سندھ کی عوام پرامن لوگ ہیں ، انہوں نے ہمیشہ سندھ کی خوشحالی و ترقی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ زندہ قومیں اپنی تاریخ و ثقافت سے بے پناہ محبت کرتی ہیں اور سندھ کے عوام نے ہمیشہ سندھ کی وحدت ، خوشحالی کیلئے جدوجہد کی ، قربانیاں دیں ۔سندھ شاہ عبداللطیف بھٹائی ، حضرت لال شہباز قلندر ، سچل سرمست ، شاہ عنایت جیسے صوفیائے کرام کی دھرتی ہے جنہوں نے ہمیشہ محبت، بھائی چارے کا درس دیا اور ان کا پیغام آج بھی پوری دنیا کے لوگوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ ہم اپنی ثقافت سے بے پناہ محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کلچر ڈے کو ہر سال بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے ۔
کلچرل ڈے پر لوگوں نے گاڑیوں کو اجرک سے سجایا دیا
Dec 05, 2022