قصور (نمائندہ نوائے وقت)قصور میں ڈکیتیوں اور چوریوں کا نان سٹاپ سلسلہ جاری، شہری عدم تحفظ کا شکار۔ چوکی سبزی منڈی سے چند قدم کے فاصلے پر ڈاکوؤں نے ممبر پریس کلب آصف چوہدری سے موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ تفصیلات کے مطابق قصور شہر میں کئی ماہ سے ڈکیتیوں اور چوریوں کا نان سٹاپ سلسلہ جاری ہے اور بے لگام ڈاکو سر عام شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ قصور پولیس عملی اقدامات کرنے کی بجائے ہینڈ آؤٹ جاری کر کے اپنے بیانات کے ذریعے بلندو بانگ دعوے کر کے اپنی ’’اعلیٰ کارکردگی‘‘ ظاہر کرنے میں ’’مصروف عمل‘‘ ہے۔ گزشتہ روز ممبر پریس کلب آصف چوہدری اپنی بہن کے ہمراہ جارہے تھے چوکی سبزی منڈی سے آگے چند قدم کے فاصلے پر قتل گڑھی روہی کے قریب دو رکشہ سوار ڈاکوؤں نے ہینڈ بیگ چھین لیا جس میں نقدی 13500 روپے ایک موبائل فون تھا۔