سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع، فسیلیٹیشن سنٹر سے 15 روز میں این او سیز حاصل کر سکیں گے: محسن نقوی

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا تاریخ ساز اقدام، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے برق رفتار ون ونڈو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ 20 صوبائی و وفاقی محکمے ایک چھت تلے، 106 این او سیز کا 15 روز میں اجراء  کا تیز رفتار نظام متعارف کرا دیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ اور چین و ترکیہ کے قونصل جنرل کے ہمراہ صوبے کے  پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سنٹر میں بزنس حب کے آن لائن سسٹم کا بھی باضابطہ آغاز کیا اور بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر میں قائم صوبائی و وفاقی محکموں کے  کائونٹرز کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے محکموں کی طرف سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے این او سیز کے اجراء کو 30 روز کی بجائے 15 روز میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے این او سیز کا اجراء  10 روز میں کرنے کا پلان طلب کر لیا۔ ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا اور دیگر محکمے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو این او سیز، رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں فراہم کر دہ سہولتوں کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کے پہلے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا پہلا بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کرنے کے لئے محکمہ صنعت اور لاہور چیمبرز آف کامرس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت میسر ہوگی جس طرح پولیس خدمت مرکز خدمات دے رہے ہیں۔ کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں 20محکمے ہوں گے، 106 این او سیز ایک ہی چھت تلے ملیں گے۔ اب بزنس مین بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر آئیں گے اور 15دن کے اندر این او سی حاصل کریں گے۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کرنے کا وعدہ مختلف ممالک کے قونصل جنرلز کے ساتھ بھی تھا جو پورا کر دیا گیا ہے۔ بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو این او سیز کے حصول کے لئے بہت مشکل ہوتی تھی۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کے لئے ایسے ہی خدمات فراہم کرے گا جیسے پاکستانیوں کے لئے خدمات ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کو 15کی بجائے 10دن کے اندر این او سیز مہیا کی جائیں گی۔ فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان میں 30دن کے اندر 5بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز فنکشنل کردیئے جائیں گے۔ صرف لاہور نہیں باقی شہروں میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر فنکشنل کیے جائیں گے۔ ایل ڈی اے میں بھی ون ونڈو آپریشن جلد فنکشنل ہوجائے گا۔ قبل ازیں  محسن نقوی نے گورنمنٹ عبدالرحیم میموریل ہسپتال سوڈیوال کا دورہ کیا۔ ہسپتال میں مفت ادویات نہ خون کی فراہمی کی سہولت، ایم ایس بھی موجود نہیں، صفائی کے ناقص انتظامات، خواتین مریضوں کے تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو سخت وارننگ جاری کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے باہر سے ادویات خریدنے والے مریضوں کے لواحقین کو پیسے واپس کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ بیڈز کے اوپر مریض، نیچے بلیاں، ہسپتال میں طبی سہولتوں کا فقدان، صفائی کے ناقص انتظامات، گندگی، ریڈیالوجی وارڈ کو تالے۔ مریضوں اور لواحقین نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری کے لئے سیکرٹری صحت کو فون کیا اور ہسپتال میں دل کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پی آئی سی کا سٹیلائٹ کلینک بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایک بچے کو علاج معالجے کے لئے فوری طورپر چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن