... کچھ اِن تصویروںکا بھی سوچیں! 

عزت مآب چیف جسٹس، قاضی فائز عیسیٰ نے بجا طورپر نکتہ اٹھایا ہے کہ آئین توڑنے والے ججوں کی تصویریں، عدالتی کمرہ نمبر ایک میں کیوں لگی ہیں؟ لیکن صرف آئین شکنوں ہی نہیں، اُن کی تصویروں کے بارے میں بھی کچھ سوچنا ہوگا جو طلائی حاشیوں والی ریشمی عبائیں پہن کر انصاف کی قبائیں تار تار کرتے رہے۔ جو بغض وعناد کی بنا پراللہ تعالی سے باندھاگیا حلفِ وفا توڑتے رہے۔ جنہیں پاکستان کے آئین وقانون سے ’’خُبثِ باطن‘‘کی گنجائش نہ ملی تو ’’لُغتِ قانونِ سیاہ‘‘ (Black Law Dictionary) سے کسبِ عناد کرتے ہوئے سیاہ کار فیصلے رقم کرتے رہے۔ 
لگ بھگ پانچ برس بعد، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس پر نوازشریف کی اپیل کا فیصلہ سنادیا۔ یہ داستان میرا موضوع نہیں کہ اِن پانچ برسوں میں نوازشریف پر کیا گذری۔ سو اس معاملے کو ایک طرف رکھتے ہوئے دیکھنا چاہیے کہ انصاف کے ایوانوں میں بیٹھی ’’چنڈال چوکڑی‘‘ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا کیا حشر کردیا؟ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کو کس جرم کی سزا دی جو تین چار فی صد مہنگائی میں کسی نہ کسی طور دو وقت کی روٹی کھا رہے تھے لیکن آج تاریخ کی ریکارڈ سطح، چالیس فی صد پہ پہنچی مہنگائی نے اُن کا جینا حرام کردیا ہے۔ پاکستان کس طرح تقویم وقت کا پہیہ پیچھے کی طرف دھکیلتے ہوئے نوازشریف کے 2017؁ میں چلا جائے کہ آئی۔ایم۔ایف سے نجات کی نوید ایک بارپھر سنائی دے؟ اُسے ایک بار پھر کس نے عالمی ساہوکاروں کے قدموں میں لوٹنے پر مجبور کردیاہے؟ کس نے اُس سرزمین کو بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے کشتِ ویران بنا کے رکھ دیا جہاں نوازشریف ساٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آیا تھا؟ کس نے فعال اور متحرک سی پیک کو ناتواں برساتی کینچوا بنادیا؟ کس نے چھے فی صد شرح سود کو بائیس فی صد تک لے جاکر صنعت وحرفت کے فروغ کا راستہ روک دیا؟قومی گرڈ میں بارہ ہزار میگاواٹ بجلی کے بعد توانائی کے بحران پر قابو پایاجاچکا تھا۔ وہ کون تھے جن کے بغض نے آج پھر یہ صورت حال بنا دی کہ سردیوں میں بھی طویل لوڈشیڈنگ ہونے لگی؟ یہ کس کے ہُنر کا اعجاز ہے کہ دہشت گردی کے جس عفریت کو فولادی نکیل ڈال دی گئی تھی وہ آج پھر گلی کوچوں میں دندنا رہا ہے؟ 28 جولائی 2017؁ سے آج تک جاری ہمہ پہلو زوال اور سیاسی افراتفری کا سیلِ تُندرو  کِن پہاڑوں سے اترا؟ کئی مہینوں سے ملک ’’دیہاڑ داری‘‘ نظام کی جھولی میں پڑا ہے؟ ایسا کیا ہوا کہ اچھا بھلا معاشرہ عدم برداشت، غصے، اشتعال اور نفرتوں کی گہری دلدل میں دھکیل دیاگیا؟ کُتب بدست نوجوان کیوں پٹرول بموں سے کھیلنے لگے؟ کیوں کر اخلاقی زوال اور تہذیبی انحطاط نے سماج کی جڑیں تک ہلا ڈالی ہیں؟  فوج کے اندر بغاوت بپا کرکے آرمی چیف کا تختہ الٹنے کی سازش کیا صرف9 مئی کے افق سے پھوٹی؟ انہیں کیسے نظرانداز کردیاجائے جو مکروہ ذاتی اہداف ومقاصد کے لئے عدل وانصاف کے دامانِ تقدیس کو داغ داغ کرتے اور عمران خان کے آتشکدے کو ہوا دیتے رہے۔ 
دلیل دی جائے گی کہ منصوبہ ساز کوئی اور تھے۔ بالکل درست۔ وہ منصوبہ ساز آج بھی کہہ رہے ہیں کہ ہاں ہم نے ایسا کیا لیکن ہم سے غلطی ہوگئی۔ وہ کچھ کہیں نہ کہیں، ہمارے نظام میں اتنی توانائی نہیں آسکی کہ کوئی اُن سے باز پرس کرسکے۔  اللہ کرے ریاست کے پیکر خاکی میں کبھی اتنی جان پڑ جائے کہ وہ پاکستان اور پاکستانیوں کو اس حال تک پہچانے والوںکا کڑا محاسبہ کرسکے لیکن اِس وقت معاملہ ’منصوبہ سازوں‘ کے منصوبے میں رنگ بھرنے اور اُن سے کہیں زیادہ والہانہ ذوق وشوق کے ساتھ اُن کی ’’دوسالہ محنت‘‘ کو ضائع ہونے سے بچانے والے اُن کرداروں کا ہے جو بظاہر ججوں کا بہروپ بھرے، شعوری طورپر، دیدہ دانستہ آئین سے کھیلتے، اپنے حلف کو پائوں تلے روندتے، عدلیہ کے وقار کو پامال کرتے اور نفرت میں لتھڑی اُبکائیوں کو’ عدالتی فیصلوں‘ کے طور پرباور کراتے رہے۔ ستم رسیدہ لوگ عدالتوں کا رُخ کرتے ہیں۔ اُنہیں توقع ہوتی ہے کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر، ہر حال میں بلارغبت وعناد فیصلہ دینے کی قسم کھانے والے منصف، کسی منصوبہ ساز کا نہیں، آئین، قانون اور انصاف کا ساتھ دیں گے۔ وہ ہرگز اس توقع کے ساتھ عدلیہ کے دروازے پر دستک نہیں دیتے کہ جج صاحبان بھی، منصوبہ سازوں کی سپاہ کا حصہ ہو کر کسی پراجیکٹ کے کارندے بن جائیں گے۔ 
لیکن ایسا ہوا اور برملا ہوا۔ منصوبہ سازوں کی مہم تو 2011 ء کے لاہوری جلسے سے آشکار ہوکر 2014ء کے دھرنوں میں موضوعِ کوچہ وبازار بن چکی تھی لیکن عدالتی ’’حیلہ ساز‘‘ 2016ء میں اُس وقت اس کھیل کا حصہ بنے جب سکرپٹ کے عین مطابق انہیں بروئے کار آنا تھا۔ پانامہ، بہانہ بنا جس کا پیٹ کُند نشتر سے چاک کرکے اقامہ نکالا گیا۔ آصف سعید کھوسہ نے ہانک لگائی ’’عمران! سڑکوں پہ کیا کررہے ہو، ہمارے پاس آئو۔‘‘ پھر وہ پٹیشن یکایک معتبر ہوگئی جسے سپریم کورٹ ’’فضول، ناکارہ، لایعنی اور بے وقعت‘‘ قرار دے کر رَد کرچکی تھی۔ وہاں سے عدلیہ کی توہین اور عدل کی تضحیک کی وہ حیا سوز کہانی شروع ہوئی جس کی نظیر شاید ہی عہدِ حاضر کی کسی اور ریاست میں ملے۔ 
جسٹس اطہرمن اللہ نے، اِسی مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ’’12 اکتوبر1999ء کے اقدام پر بھی کاروائی ہونی چاہیے۔‘‘ یوں تو یہ کہانی 1954ء سے بھی شروع کی جاسکتی ہے لیکن وہ سب کردار معدوم ہوچکے ۔ اکتوبر 1999؁ کے کرداروں میں سے بھی کم کم رہ گئے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ خود احتسابی کی مشق پانامہ کے فیصلے سے شروع کر لی جائے۔ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے والے ’’تاریخ ساز‘‘ فیصلے کے بعد اک بارش سنگ و آہن تھی کہ بظاہر ’’رائیونڈ‘‘ لیکن دراصل پاکستان پر برستی رہی اور جس کی تباہ کاریاں آج ہم چار سُو دیکھ رہے ہیں۔ ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت پارلیمنٹ کے اختیار قانون سازی کو جوتے کی نوک پر رکھنے اور من پسند فیصلوں کے لئے مرضی کا آئین رقم کرنے کا یہ سلسلہ ثاقب نثار سے شروع ہوکر بندیال کی رخصتی تک جاری رہا۔بہتر ہو کہ آرٹیکل 184/3 پر نئی قانون سازی کے مطابق سہہ رُکنی بینچ بٹھایاجائے جو 28 جولائی 2017؁ سے 16 ستمبر2023؁ تک کے اُن تمام فیصلوں کا جائزہ لے جن کا تعلق سیاسی معاملات سے تھا۔اس مشق سے عدلیہ کی اُجلی قبا پہ لگے کچھ داغ دُھل گئے توبھی غنیمت ہوگا۔
 آئین توڑنے والے ججوں کی تصویریں بھلے اتار دیں۔ اور اگر قرآنی حلف سے روگردانی کرنے والے ’’جج صاحبان‘‘ کی تصویریں، کورٹ روم نمبر ایک کی دیواروں سے ہٹانا مشکل ہوتو کم ازکم انہیں اُلٹا کر ٹانگ دیاجائے۔ 

ای پیپر دی نیشن