چنئی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سمندری طوفان میچونگ کے باعث طوفانی بارشیں جاری ہیں جس سے چنئی شہر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جبکہ ریاست تامل ناڈو کے شمالی ساحل پر ہونے والی بارشوں سے چنئی شہر اور دیگر اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور بعض علاقوں میں سیلابی ریلا گاڑیوں کو بھی بہا لے گیا۔ بعض مقامات پر 196 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور شدید بارشوں کی وجہ سے سکول، کالجز اور سرکاری دفاتر میں آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں اب تک 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ مقامی حکام نے ساحلی اضلاع میں 5 ہزار ریلیف سینٹرز قائم کر دیئے ہیں۔