کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں کئی گنا اضافہ، دنیا ناانصافیوں کیخلاف آواز بلند کرے: حریت کانفرنس

Dec 05, 2023

سری نگر(کے پی آئی) کل جماعت حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات10 لاکھ بھارتی فوجی گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ ہندو توا حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے باضمیر لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انصافیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ جبکہ سرینگر میں ایم بی بی ایس کاایک طالب علم لاپتہ ہوگیا ہے۔ سرینگر کے علاقہ بلبل باغ برزلہ کا رہائشی مجتبی فاروق ڈالر گزشتہ شام سے لاپتہ ہے۔ مجتبی بھارتی ریاست اترا کھنڈ کے ایک میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھا جہاں اپنے سینئر طلبا کے بہیمانہ برتائو کے سبب وہ ذہنی تنائو کا شکار ہوگیا تھا۔ محبوبہ مفتی نے کپواڑہ میں پارٹی کنونشن کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی اراکین اور حامیوں پر زور دیا کہ وہ اس جدوجہد میں پیش آنے والی سخت مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بجلی کی فراہمی میں کمی اوربڑھتی ہوئی بے روزگاری کا سنگین مسئلہ ہے احتجاج کی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے اور لوگوں کو اپنی رائے پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں