اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) اسلام آباد میں پاکستان واٹر ویک 2023ء کا انعقاد کیا گیا جس میں زندگی اور ترقی کے لیے پانی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ (آئی ۔ ڈبلیو ۔ ایم ۔ آئی)، جی آئی ذی، یونیسف اور وفاقی وزارت آبی وسائل نے مشترکہ طور پر معلوماتی واٹر ویک کا اہتمام بھی کیا۔ اس سال کی بین الاقوامی کانفرنس کا موضوع "موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے دوچار پاکستان میں پانی اور خوراک کے نظام کے لیے تبدیلی کے راستے" تھا۔ کانفرنس میں پانی کی کمی اور آفات کے اہم مسائل پر توجہ دی گئی جو خاص طور پر پاکستان میں معمول بن چکے ہیں۔ انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مارک سمتھ نے زور دیا کہ پانی کی حفاظت کو یقینی بنانا پاکستان اور عالمی سطح پر ایک اہم ترجیح ہے۔ ہمیں مل جل کر پانی کے متعلق مسائل کے حل پر زور دینا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔