تحقیقات مکمل، بجلی کمپنیوں نے ایوریج بل بھیجے، 30 دن سے زائد بلنگ کا انکشاف

Dec 05, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی انکوائری کمیٹی نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے اووربلنگ پر تحقیقات مکمل کرلیں۔ اعلامیے کے مطابق تحقیقات میں بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کمپنیوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ کمپنیوں کی جانب سے 30 دن سے زائد کی بلنگ کرنے سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے، خراب میٹرز بروقت تبدیل نہ کرنے سے بجلی کمپنیوں نے ایوریج بل بھیجے۔ رپورٹ میں قرار دیا گیا کہ بجلی کمپنیوں نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے جان بوجھ کر بددیانتی کی اور بجلی کمپنیوں کی نااہلی سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو زیادہ بل بھیجے گئے۔ اس اقدام سے بجلی کمپنیوں کو بلوں کی وصولی کم رہی۔ نیپرا نے بجلی کمپنیوں کو نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کرلی ہے اور 30 دنوں میں خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق خراب میٹرز کو جلد از جلد تبدیل کرنے، غلط بلوں کو درست کرنے کا حتمی وقت دے دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں