اسلام آباد(خبرنگار) پاکستان کی عوامی سطح کی گریجویٹ درسگاہوں میں سٹریٹیجک پلاننگ متعارف کرنے کی غرض سے پانچ روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ بین الاقوامی تعاون سے منعقد کی جانے والی اس ورکشاپ میں درسگاہوں کے منتظمین اور اساتذہ کو سٹریٹیجک پلان کی تشکیل اور اس کے نفاذ کے حوالے سے تربیت دی گئی تاکہ درسگاہوں کے انتظامی امور ، متعلقہ مارکیٹ سے مطابقت اور طلبا کی معاونت کے شعبوں میں مزید بہتری لائی جا سکے ۔ یہ سٹریٹیجک پلانز درسگاہوں کو اس قابل بنانے میں معاون ثابت ہو ں گے کہ طلبا بعد از گریجویشن مارکیٹ میں دستیاب ملازمتوں کے عین ہم پلہ ہوں۔اس ورکشاپ کا انعقاد یو ایس ایڈ نے اپنے ہائر ایجوکیشن سسٹم سٹرینتھننگ ایکٹیوٹی کے تحت کیا۔امریکہ کی صف اول کی درسگاہوں میں شامل یونیورسٹی آف یوٹاہ کی جانب سے نافذ کی جانے والی یو ایس ایڈ کی ہائر ایجوکیشن سسٹم سٹرینتھننگ ایکٹیوٹی کے تحت پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور 16اعلی سطحی درسگاہوں کے ساتھ شراکت داری قائم کی گئی ہے۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں درسگاہوں کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر مس کیٹ سوم وونگ سیری کاکہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں اعلی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کا کردار کلیدی ہے۔ آپ کی درسگاہیں مستقبل کے لیڈرز پروان چڑھاتی ہیں جبکہ آپ کے ڈگری پروگرامز نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھر پوراستفادہ کرنے کے قابل بناتے ہیں ۔مس کیٹ نے پاکستانی درسگاہوں اور یونیورسٹی آف یوٹاہ کے مابین شراکت، تجربات کے تبادلے اور یکساں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ سوچ کی تشکیل کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی۔اپنے خطاب میں چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد کا یو ایس ایڈ کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہناتھا کہ درسگاہوں کیلئے تعلیم کی فراہمی، تحقیق اور دیگر متعلقہ سروسز میں مہارت کے حصول کیلئے سٹریٹیجک پلاننگ کلیدی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ انھوں نے شرکا پر زور دیا کہ ان پر قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس ورکشاپ سے حاصل ہونے والی معلومات اور مہارت کو اپنی متعلقہ درسگاہوں میں استعمال کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ اس ورکشاپ کے ثمرات ہمارے نوجوانوں تک بطریق احسن پہنچ سکیں ۔
پاکستان کی ترقی میں اعلی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کا کلیدی کردار ہے،کیٹ سوم وونگ
Dec 05, 2023