اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ معیشت کے کسی بھی شعبے میں رویہ کی تبدیلی اس کی ترقی کا باعث بن سکتی ہے۔تکنیکی اور سائنسی تحقیق اور معلومات زرعی شعبے میں جدید ترین ایجادات کی راہ ہموار کریں گی ۔ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی دیسی باسمتی چاول کے برآمد کنندگان کو چاہئے کہ وہ تمام دستیاب آلات کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی برآمدات میں اضافہ کرتے ہوئے اپنی پیداوار میں اضافہ کریں۔وہ ایوان صدر میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام بریانی فیسٹیول اور جریدے کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سفارتی کور کے ارکان، برآمد کنندگان، تاجروں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زراعت کے شعبے میں خواتین کی شمولیت اور حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس طرح کے اقدامات کی طرف دیکھ رہا ہے جس سے خواتین کو مزید بااختیار بنایا جائے گا۔رویہ میں اس طرح کی تبدیلیوں سے ملک کی معیشت میں مزید بہتری ممکن ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ مناسب سائنسی آلات اور علم سے پاکستان خوراک کی خود مختاری حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے نیدرلینڈ کا حوالہ دیا جو پاکستان سے 19 فیصد چھوٹا ہے لیکن جدید ترین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے استعمال کی وجہ سے دنیا میں خوراک کا دوسرا بڑا برآمد کنندہ بن گیا ہے۔ملکی برآمدات اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مختلف ممالک میں فیسٹیولز اور روڈ شوز کے انعقاد سے وہ باسمتی چاول کے مقامی کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو کاروبار کے بڑے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔اس موقع پر، صدر مملکت نے ایسوسی ایشن کی شراکت کا اعتراف کیا اور انعامات بھی تقسیم کئے۔
پاکستانی دیسی باسمتی چاول کے برآمد کنندگان پیداوار میں اضافہ کریں،عارف علوی
Dec 05, 2023