لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تربیتی دورہ پر آئی افغانستان ٹیم کے خلاف پریکٹس میچز کے شیڈول اور ٹیموں کا اعلان کر دیا۔ مہمان ٹیم ریجنل ٹیموں کے خلاف تین ایک روزہ میچز کے علاوہ پاکستان اے کے خلاف دو ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ شاہد آفریدی کو پاکستان اے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ افغانستان ٹیم آج کراچی اور حیدر آباد ریجن کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے خلاف نیاز سٹیڈیم حیدر آباد میں میچ کھیلے گی۔ دوسرا میچ 8 فروری کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان اور بہاولپور ریجن کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے خلاف ہوگا جبکہ تیسرا میچ 10 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں راولپنڈی اور اسلام آباد ریجن کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے خلاف ہوگا۔ پاکستان اے اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان دو ایک روزہ میچ 11 اور 12 فروری کو جبکہ واحد ٹی ٹونٹی میچ 13 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ کے لئے اعلان ہونے والے پاکستان اے ٹیم کے 21 رکنی سکواڈ میں شان مسعود، خرم منظور، عمر اکمل، فواد عالم، علی وقاص، عمر امین، شاہد آفریدی (کپتان)، کامران اکمل، انور علی، وہاب ریاض، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، عدنان رسول، احمد شہزاد، شرجیل خان، محمد رضوان، اسد علی، احمد جمال، علی خان، شعیب مقصود اور عمران خان شامل ہیں۔