5 منٹ میں مارشل لا ۔۔ چیف جسٹس نوٹس لیں‘ طاہرالقادری بتائیں کس کے ساتھ انڈر سٹینڈنگ تھی : رحمن ملک

اسلام آباد (اے پی پی + این این آئی) وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے سپریم کورٹ ڈاکٹر طاہر القادری کے مارشل لاءوالے بیان کا ازخود نوٹس لے اور ڈاکٹر طاہر القادری وضاحت کریں پانچ منٹ میں مارشل لاءلگ جانے کی بات انہوں نے کیوں کی اور ان کی کس کے ساتھ انڈر سٹینڈنگ تھی، آئین اور جمہوریت کی موجودگی میں مارشل لاءکی بات آئین کی خلاف ورزی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے جمہوریت کیلئے یکجہتی مارچ کیا، جمہوریت اور ملک کے استحکام کیلئے جس نے اچھا عمل کیا اس کا خیرمقدم کریں گے، امن و امان کے قیام کیلئے صوبوں کو ہر ممکن لاجسٹک سپورٹ دیں گے، طالبان بتائیں وہ کس سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ بہتر ہوتا وہ پہلے مذاکراتی ٹیم کا اعلان کرتے، بات چیت کیلئے کوئی بھی سامنے آنا چاہے تو یہ اچھی بات ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے یکجہتی مارچ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے جائزے اور ظفر علی شاہ اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماﺅں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی طرف سے دھرنا نہیں جمہوریت کیلئے یکجہتی مارچ ہے، سکیورٹی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے میں خود آیا ہوں کیونکہ اس مارچ میں ہمارے پارلیمنٹیرین ساتھی اور باہر سے بھی کچھ مہمان آئے ہیں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کے پاس ملک کے مستقبل کے حوالہ سے جو نکات اچھے ہوئے ان کا خیرمقدم کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھیوں سے جو بات چیت ہوئی ہے اس کے مطابق نہ یہ دھرنا ہے نہ لانگ مارچ بلکہ یہ یکجہتی مارچ ہے جس کیلئے ان سے پورا تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اگر مارچ کی اجازت نہ دیتے تو سب شکوہ کرتے، اپوزیشن نے مارچ کیا ہے، کم از کم وہ مارشل لاءلگانے کی بات نہیں کر رہے بلکہ وہ جمہوریت کی بات کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا ایم کیو ایم کے ساتھ لندن میں بات چیت ہوئی ہے وہ پانچ سال تک شریک اقتدار رہے، ان کے شکوے درست بھی ہیں جن سے اپنی قیادت کو آگاہ کرونگا۔ ہم آئندہ بھی مل کر کام کرینگے۔ صوبے امن و امان کے خود ذمہ دار ہیں تاہم وہ اپنے آپ کو اس معاملے سے الگ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا ایک حالیہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیموں کے 30 سے زائد افراد گرفتار کئے گئے، میں خود کراچی کے دورے پر جا کر انتظامات کا خود جائزہ لوں گا۔ اس وقت گوریلا ایکشن کی ضرورت ہے، کالعدم سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور دیگر ان کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے پارلیمنٹ جو فیصلہ کرے گی وہ سب کو قابل قبول ہو گا۔ انہوں نے کہا میں سپریم کورٹ کے سامنے بیٹھ کر چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کرتا ہوں وہ طاہر القادری کے اس بیان کا ازخود نوٹس لیں کیونکہ آئین کے تحت فوج یا کسی بھی فوجی عہدے کیخلاف بات نہیں کی جا سکتی اگر وہ کہتے ہیں پانچ منٹ بعد مارشل لاءلگ جانا تھا تو طاہر القادری کو بتانا چاہئے ان کی کس کے ساتھ انڈر سٹینڈنگ تھی اور کیوں یہ بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کے ہوتے ہوئے جو بھی مارشل لاءکی بات کرتا ہے درحقیقت وہ آئین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ اے پی اے / نوائے وقت نیوز کے مطابق انہوں نے کہا طاہر القادری کا دعویٰ تشویشناک ہے۔ این این آئی کے مطابق رحمن ملک نے کہا گولی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، طالبان کی مذاکرات کی پیشکش پر ایک دو دن میں حکومتی سطح پر جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا طاہر القادری نے 5 منٹ اپنا تکیہ کلام بنا لیا ہے اور وہ ہر بات میں کہتے ہیں 5 منٹ دیتا ہوں جیسا کہ انہوں نے کہا دھرنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے 5 منٹ بعد مارشل لاءلگ سکتا تھا۔ وزیر داخلہ نے قیدی چن بیل سنگھ کی دوران حراست ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو چن بیگ سنگھ کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ چن بیل سنگھ کورٹ لکھپت جیل میں تھا۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...