اسلام آباد (ثناءنیوز) متحدہ حزب اختلاف نے انتخابات میں اثرانداز ہونے والے ممکنہ افسروں کی فہرست بھی الیکشن کمشن کو چارٹر آف ڈیمانڈ پر مبنی یادداشت کے ساتھ منسلک کی۔ آئی بی ، سپیشل برانچ ، ایف آئی اے کے حکام کے تبادلوں ، انتخابات میں پیمرا اور نادرا کو الیکشن کمیشن کو جواب دہ بنانے، گورنروں کی طرح سیاسی بنیادوں پر برطانیہ، امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیروں کو ہٹانے کے مطالبات بھی کئے گئے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن نے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے پیش نظر تمام چیف سیکرٹریز، پولیس سربراہوں، وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ، آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد ، فاٹا حکام ، نگران وزیراعظم ، وزرائے اعلیٰ، گورنروں کے پرنسپل و سپیشل سیکرٹریز، کابینہ ، اسٹیبلشمنٹ، خزانہ، اطلاعات ونشریات ،سفیروں کے سیکرٹریز، چیئرمین نادرا، ڈی جی آئی بی اسلام آباد ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے پولیس سربراہوں، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، اٹارنی جنرل تمام ایڈووکیٹ جنرلز، صوبوں کے ایس ایم بی آرز، ڈی جی ایف آئی اے، ریڈیو پاکستان، ایم ڈی پی ٹی وی کے تبادلوں اہم ممالک بالخصوص امریکہ اور برطانیہ میں سیاسی بنیادوں پر تعینات سفیروں اور اعلیٰ عہدوں پر عارضی بنیادوں پر تعینات افسروں کو ہٹانے اور انتخابات کے دوران پیمرا اور نادرا کو براہ راست الیکشن کمشن کو جواب دہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یادداشت کے ساتھ تبادلوں کے لیے مرتب مجوزہ ناموں کی فہرست بھی منسلک کی گئی ہے۔