گجرات (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تاجر برادری پاکستان مسلم لیگ کا قیمتی اثاثہ ہے تاجر بھائی ہمارے بازو ہیں اور وہ آئندہ الیکشن میں بھی ہماری کامیابی کیلئے اہم کردار ادا کریں گے، تاجر برادری ملک میں امن و امان کی خواہشمند اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہم نے ہمیشہ تاجر برادری کو بڑی اہمیت دی ہے اور اس نے بھی ہر مشکل گھڑی میں کندھے سے کندھا ملا کر ہمارا ساتھ دیا، وہ گجرات میں مرکزی انجمن تاجران کی سلور جوبلی اور انجمن تاجران مسلم بازار کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، صدر مرکزی انجمن تاجران انور علی شاہ، صدر مسلم بازار شیخ شفیق، افتخار شاکر اور ارشاد احمد نے بھی خطاب کیا۔ تاجر رہنماﺅں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ پنجاب حکومت کی امن و امان پر کوئی توجہ نہیں اس کے دور میں پچھلی حکومت کی نسبت جرائم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، ہمارے گھر محفوظ ہیں نہ کاروبار، روزانہ 100 سے زائد دکانیں لوٹی جا ری ہیں، ہمارے جیولر بھائی ڈاکوﺅں کا خصوصی نشانہ ہیں لیکن مجرم پکڑے نہیں جا رہے، صوبائی حکومت کچھ نہیں کر رہی۔ تاجر رہنماﺅں نے میڈیا سے ہاتھ جوڑ کر خدا کے نام پر اپیل کی کہ وہ پنجاب کے حکمرانوں کی خامیوں اور کوتاہیوں کی پردہ پوشی نہ کریں بلکہ انہیں احساس دلائیں کہ ان کا اولین فرض عوام کے جان و مال کی حفاظت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے تاجروں کے مسائل کو ہمیشہ اہمیت دی ہے جبکہ انہوں نے دلیری کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ کا جھنڈا بلند کیا اور گجرات کے ضمنی الیکشن میں مرکزی اور صوبائی حکومت کی شدید مخالفت کے باوجود میاں عمران مسعود کو کامیاب کروانے میں اہم کردار ادا کیا مگر بدقسمتی سے پنجاب حکومت کی بددیانتی کے باعث ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہم سے چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا عام انتخابات میں ہم انتخابی نتائج تبدیل نہیں کرنے دیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار عوام سے مخلص ہیں نہ ان کو عوامی مسائل و مشکلات سے کوئی غرض ہے وہ صرف جاتی عمرا سے وفادار ہیں۔ تقریب کے اختتام پر چودھری پرویز الٰہی نے تاجر نمائندوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر سید انور علی شاہ نے چودھری پرویزالٰہی کو شیلڈ پیش کی۔