کراچی میں شارع فیصل پرعوامی مرکز کے قریب نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھربلدیہ ٹاؤن عابد آباد میں ناملوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پچاس سالہ محمد زعفران جاں بحق ہوگیا۔ گلشن اقبال میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا۔دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے سہراب گوٹھ اور کورنگی کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے رہنما سمیت چار کارکنوں کو گرفتارکرلیاجبکہ انویسٹی گیشن پولیس نے ایکسائز انسپکٹر کو گرفتار کرکے اس کےقبضے سے دو من چرس برآمد کرلی ۔ادھر رینجرز نے حب ریور روڈ پر مواچھ گوٹھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ سندھ پولیس نے بھی کلفٹن اورشہر کے دیگر علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے پیسنٹھ سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ شب ایم این اے شیر محمد بلوچ کے بیٹے نوروز بلوچ کی جانب سے کراچی ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا مقدمہ ائیرپورٹ تھانہ میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔