اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پریس کونسل آف پاکستان بلڈنگ کی لفٹ گرنے سے تین صحافیوں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ 10 زخمی ہوگئے زخمیوں کو ہاسپٹل کمپلیکس پہنچادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پریس کونسل آف پاکستان میں وکلائ،کورٹ رپورٹرز کی پریس کانفرنس کے بعد جب شام چھ بجے کے قریب صحافی حضرات منزل 6 سے نیچے کی طرف جانے کے لئے لفٹ میں سوار ہوئے تو اچانک لفٹ کی وائر ایک دھماکے سے ٹوٹ گئی جس کی وجہ سے لفٹ زور دار آواز اور جھٹکے کے ساتھ تیزی سے نیچے آئی اس دوران لفٹ آپریٹر نے فوراً حاضر دماضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لفٹ کے ایمرجنسی لیور کو دبا کر لفٹ روک دی جس کی وجہ سے لفٹ منزل نمبر ایک پر رک گئی۔ اس دوران لفٹ آپریٹر نے ایمرجنسی چابی سے لفٹ کا دروازہ کھول دیا ایک اندازے کے مطابق تقریبا 10 لوگ اس میں موجود تھے جنہیں باری باری باہر نکالا گیا تو معلوم ہوا کہ نجی ٹی وی کے بیورو چیف راجہ عاطف سمیت تین صحافیوں کی ٹانگوں میں فریکچر ہو گیا ہے جبکہ دیگر افراد بھی زخمی تھے جنہیں پمز ہسپتال پہچا دیا گیا۔