عمران بزدل مردِ مجاہد، شہادت کے وقت میدان جنگ سے بھاگ گئے: مشاہد اللہ

اسلام آباد (آئی این پی ) سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹرمشاہداللہ خان نے عمران خان کو بزدل مردِ مجاہد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہادت کے وقت میدان جنگ سے بھاگ گئے ،عمران خان کے قول اور فعل میں تضاد ہے، طالبان کی مذاکراتی عمل میںشمولیت حکومت کی کامیابی ہے،مذاکراتی عمل کا آغاز منزل کی جانب پہلا قدم ہے،اپوزیشن تھوڑا انتظار کرے بریک تھرو کا ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔ منگل کو پار لیمنٹ ہائو س کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام کے مسلسل سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج طالبان مذاکراتی عمل میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کا مذاکراتی عمل کا آغاز منزل کی جانب پہلا قدم ہے، اپوزیشن و دیگر قائدین جو ٹائم فریم کا مطالبہ کر رہے ہیں ان سے گذارش ہے کہ وہ کچھ وقت انتظار کرلیں کیونکہ مذاکراتی عمل بتدریج آگے بڑھتے ہیںیو ں ایک دم آج تک کسی بھی مسئلہ کا بریک تھرو نہیںہوا۔  انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کئی بار مختلف انٹرویوز کے دوران یہ دعوے کئے تھے کہ وہ فاٹا کے مسائل کو اچھی طرح جانتے ہیں لیکن جب عملی اقدام اور کردار ادا کرنے کا وقت آیا تو انہوں نے انکار کر دیا ۔

ای پیپر دی نیشن