لاہور (نامہ نگار) برانڈرتھ روڈ پر پلاسٹک کے کھلونوں کے گودام اور شاہدرہ میں فیکٹری میں آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق برانڈرتھ روڈ پرشمس القیوم نامی شہری کے چار منزلہ پلازے میں گرائونڈ فلور پر بچوں کے پلاسٹک کے کھلونوں کا گودام تھا۔ گزشتہ صبح شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ گرائونڈ فلور پر کھلونوں کے گودام میں پلاسٹک کی وجہ سے آگ شدت اختیار کر گئی اور بالائی منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پلازے اور گودام میں کسی قسم کے آگ بجھانے والے آلات بھی موجود نہ تھے۔ آتشزدگی کے وقت پلازے میں 5 مزدور سو رہے تھے جن کو امدای ٹیموں نے با حفاظت باہر نکال لیا جبکہ پلاسٹک جلنے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھی مساجد میں علاقہ خالی کر دینے کے اعلانات کئے جاتے رہے۔ امدادی ٹیموں نے چھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے۔ مزید برآں شاہدرہ کے علاقہ کالا خطائی روڈ حاجی کوٹ سٹاپ کے قریب ایک فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔