چارسدہ (ثناء نیوز) تحصیل شب قدر کے علاقہ کنڑ کالونی میں نامعلوم افراد نے گورنمنٹ پرائمری سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا جبکہ دوسرا پانچ کلو بم بی ڈی ایس نے ناکارہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے تحصیل شب قدر میں نامعلوم افراد نے کنڑ کالونی میں گورنمنٹ پرائمری سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ بارودی مواد کے دھماکے سے سکول کے دو کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ سکول کے ایک برآمدے کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ دوسرے سکول کے تیسرے کمرے میں بھی بارودی مواد رکھا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوری طور پر دوسرے بم کو ناکارہ بنا دیا۔ بی ڈی ایس کے مطابق بارودی مواد کے دھماکے میں پانچ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ بی ڈی ایس نے پابچ کلو بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔ واقعہ کے بعد تھانہ سرو پولیس سٹیشن نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔