لاہور (این این آئی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یوم کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے سیاسی تنازعات نمٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے کیلئے جو قراردادیں پاس کر رکھی ہیں ان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ ارب کی آبادی والا خطہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ کشمیریوں نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے اصل مسائل غربت،بیماری اور جہالت ہیں، قیمتی وسائل انسانی فلاح پر خرچ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کیلئے بین الاقوامی سطح پر بین المذاہب مکالمہ کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، مذہبی رواداری کے فروغ اور سیاسی تنازعات کے حل کیلئے ترقی یافتہ اقوام سر جوڑ کر بیٹھیں، دنیا کو میدان جنگ بنانے کی بجائے امن کا گہوارہ بنائیں، اس کیلئے کشمیر سمیت دیرینہ بین الاقوامی تنازعات کا حل ضروری ہے۔