جمبر/ مانانوالہ/فیروز والا (نامہ نگاران) روئی صاف کرنیوالی مشینوں میں آکر ایک خاتون کے ٹکڑے ہوگئے دوسری کا سر تن سے جُدا ہوگیا۔ تفصیل کے مطابق جمبر کے علاقے گھمن کی کے محنت کش یونس انصاری کی بیوی عنائت بی بی گزشتہ روز لحاف کیلئے روئی لے کر قریبی چکی پر لگے پینجے پر گئی تو اس کا دوپٹہ اچانک روئی والے پینجے میں آگیا جس سے خاتون نے چیخنا چلانا شروع کردیا مگر پینجا تیز ہونے کی وجہ سے وہ جلدی بند نہ ہوسکا اس کا جسم بری طرح ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی متوفیہ آٹھ بچوں کی ماں تھی۔ دوسرے واقعہ میں مانانوالہ کے نواحی گاؤں کیراں کی رہائشی پانچ بچوں کی ماںجمیلہ بی بی گاؤں میں ہی واقع روئی صاف کرنے والی مشین (پینجہ) پر روئی صاف کر رہی تھی اچانک اس کا دوپٹہ مشین کے پٹے میں پھنس گیا جس سے اس کی گردن کٹ گئی اور وہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔ دردناک واقعہ میں خاتون کی ہلاکت پر گاؤں بھر کی فضا سوگوار ہوگئی، معصوم بچے ماں کی میت سے لپٹ کر روتے رہے جنہیں دیکھ کر وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
جمبر، مانانوالہ: روئی کے پینجے میں آکر ایک خاتون کے ٹکڑے، دوسری کا سرتن سے جُدا
Feb 05, 2016