بھارتی اجار ہ داری ختم ’’بگ تھری‘‘ انجام کو پہنچ گیا، مستقبل میں آئی سی سی وفد کے دورہ پاکستان کا مکان

لاہور (نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی بگ تھری کے خاتمے پر تیار ہو گئی۔ آئی سی سی کے اجلاس میں بورڈ ممبران نے بگ تھری کے خاتمے کی حمایت کر دی۔ ارکان کے فیصلے کے بعد آئی سی سی پر بھارتی اجارہ داری کا خاتمہ ہو گیا۔ کرکٹ کا منافع اب تمام رکن ممالک میں مساوی تقسیم ہوگا۔ آئی سی سی اجلاس میں جائلز کلارک نے دورہ پاکستان پر رپورٹ پیش کردی۔ مستقبل میں آئی سی سی کے وفد کے دورہ پاکستان کا امکان ہے۔ آئی سی سی کا آئندہ اجلاس اپریل میں ہوگا جس میں رکن ممالک بگ تھری کے خاتمے کی باضابطہ منظوری دیں گے۔ آئی سی سی نے نیا قانون پاس کردیا ہے ۔ مالی معاملات کا فیصلہ کرنے کیلئے آئی سی سی کی تمام ممبر ممالک سے بات چیت جاری رہے گی ۔ مالی معاملات کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام ممالک کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ تمام ممبر ممالک نے اجلاس کے دوران بگ تھری خاتمے کیلئے ووٹ دیا جبکہ بھارت اور سری لنکانے مخالفت کی ۔ تمام معاملات کی منظوری اپریل میں آئی سی سی اجلاس میں دی جائیگی ۔آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق ورکنگ گروپ کی جانب سے آئینی اور مالی معاملات میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی جس کو آئی سی سی بورڈ نے قبول کرتے ہوئے تبدیلیوں پر غور کرنے اور اراکین کو شامل کرنے کیلئے اپریل میں ہونیوالے بورڈ کے اجلاس میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے کہا کہ آئی سی سی اور کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ '2014 کی قراردادوں کو واپس لینے کیلئے ورکنگ گروپ کی جانب سے منصوبہ پیش کیا گیا جبکہ پیش کیا گیا متبادل آئینی اور مالی ماڈل کو قبول کیا گیا ہے اور اب ہم مل کر اس کی جزیات پر کام کریں گے جس کے بعد اپریل میں حتمی دستخط ہوں گے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی نئی قیادت کو اس حوالے سے وضاحت اور اپنا حصہ ڈالنے کے لیے مناسب وقت دینے کی اجازت دی جاتی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے تمام میچوں میں ڈی آر ایس کا استعمال کیا جائے گا۔ اس قانون کی منظوری جون میں دی جائیگی ۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی ریویو سسٹم لاگو ہو گا اور ہر ٹیم میچ میں ایک بار فیصلے کیخلاف ریویو لے سکے گی ۔افغانستان کے احمد شاہ ابدالی ریجنل چار روزہ ٹورنامنٹ کو فرسٹ کلاس کرکٹ اور افغان ٹی ٹونٹی لیگ شپا گیزا کو لسٹ اے کا درجہ دیدیا گیا ہے ۔ اینٹی کرپشن یونٹ کو سیل فون کا ڈیٹا حاصل کرنے کی بھی منظوری دیدی ۔خراب گرائونڈ اور پچز پر بھی پوائنٹس کم کرنے کا سسٹم متعارف کرایا جائیگا۔خرا ب گرائونڈ یا پچ کی رپورٹ پر ایک پوائنٹ کم ہوگا ۔ ہر ایک پوائنٹ پانچ سال تک برقرار رہے گا۔ پانچ پوائنٹس پر گرائونڈ کو مقابلوں سے خارج کردیا جائیگا اور دس پوائنٹس پر گرائونڈ دو سال کیلئے پابندی کا شکار ہو جائیگا۔ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020ء 21فروری سے 8مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی قائم کی جائیگی جو ادویات اور سپورٹس سائنس مسائل کو زیر غور لائے گی۔ جائلزکلارک کی رپورٹ کی روشنی میں دولت مشترکہ کے ممالک پر مبنی کرکٹ ٹیم اگلے برس پاکستان کادورہ کریگی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...