لاہور/ گوجرانوالہ/ فیصل آباد (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) تحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سے حافظ محمدسعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بڑے لاہور، فیصل آباد ا ور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں نکالی گئیں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ لاہورمیں ماڈل ٹائون میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ راولپنڈی ضلع میں بائیس مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پشاور میں پریس کلب کے باہر بڑا جلسہ ہوا جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظفر آباد ڈنہ کچیلی میں تحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سے بڑی یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جلسوں وکانفرنسوں کے دوران کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ اور حافظ محمد سعید قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔گوجرانوالہ، ملتان، وہاڑی، جہانیاں،حیدر آباد سندھ و دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں سی بلاک ماڈل ٹائون میں تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر اہتمام تاجروں اور اہل علاقہ کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مقامی لوگوں اور مارکیٹوں کے تاجروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک آزادی جموں کشمیر کے رہنما محبوب عالم نے خطاب کیا اور حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کی سخت مذمت کی گئی۔ تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر اہتمام ڈنہ کچلی مظفر آبادمیںآزادی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے حافظ محمد سعیدکی نظربندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ محسن کشمیر کو نظربندکرکے بھارت کو خوش کیا گیا۔ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری (ن) لیگ آزادکشمیر پرویز مجید، رہنما تحریک آزادی جموں کشمیر سلطان محمودشاہ، راجہ شاہ نواز، راجہ نجابت صدر جنگلات یونین، راجہ سعید غلام مصطفی، ممتازحیدری ٹیچریونین، عارف دلاور و دیگر نے کہا حافظ محمد سعید نے سال 2017کو کشمیریوں کے نام کردیا۔ انہوں نے ناراض بلوچوں کو محب وطن بنانے میں اپنا کرداراداکیا۔ شرکاء ریلی نے حافظ محمدسعید کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکی اور بھارتی پرچم نذرآتش کیا اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے ۔پشاور پریس کلب کے سامنے تحریک آزادی جموں کشمیر کی جانب سے برستی بارش میں جلسہ کا انعقاد کیاگیا جس میں شدید سردی کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی سخت مذمت کی گئی۔ جلسہ سے دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پیر سید ہارون علی گیلانی، مولانا یوسف شاہ، عارف یوسف زئی، قاری محمد یعقوب شیخ، ملک غلام رسول، محمد ادریس خلیل، رضیت بااللہ، مولانا نصر جاوید، مفتی محمد قاسم، محمد یاور، حاجی لیاقت و دیگر نے خطاب کیا۔ جمعیت علماء اسلام(س) کے مرکزی رہنما مولانا یوسف شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ محمدسعید پاکستانی و کشمیری قوم کے دلوں کی دھڑکن ہیں انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔ ننھے طلباء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام رکھے تھے۔ اس موقع پر طلباء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے، ریلی نگار پھاٹک سے شروع ہو کر شیرانوالہ باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہو ئی جبکہ ننھے طلباء نے مودی کا پتلا، انڈین اور امریکی پرچم نذر آتش کرنے کے علاوہ مودی کے جلتے ہوئے پتلے پر لاٹھیاں بھی برسائیں، اس موقع پر المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکز رہنما سعید رافع نے کہا وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کے پاکستان کا حصہ بنے گا، حافظ محمد سعید کشمیریوں کے حقیقی وکیل کا کردار ادا کر رہے تھے ان کی نظر بندی سے تحریک آزادی کمزور ہوئی۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس فیصل آباد کی طرف سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہلال احمر چوک سے ضلع کونسل چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شامل طلبہ نے پاکستان کے سبز ہلالی اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء پورے راستے بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے زبردستی نعرے بازی کرتے رہے۔ ریلی میں شریک بچوں نے کشمیری بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو نمایاں دکھانے کے لئے چہروں اور سروں پر علامتی زخم بنا کر پٹیاں لگائی ہوئی تھیں۔شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گیدرج تھے۔ ریلی کے اختتام پر بھارتی ترنگا نذر آتش کیا گیا۔ضلع کونسل چوک میں ریلی کے اختتام پر المحمدیہ اسٹوڈنٹس پاکستان کے مرکزی رہنماجنید الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ سعید کو نظر بند کرنا قابل مذمت ہے۔ حافظ سعید کشمیریوں کے حق میں ایک موثر آواز ہیں۔ وقار عظیم مسئول المحمدیہ سٹوڈنٹس فیصل آباد، دانش رضا مسئول المحمدیہ روضہ سوسائٹی، حسن جمال ودیگر طلباء رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے مفادات کی خاطر خطے کے امن کو دائو پر نہ لگائے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو مزید محکوم بناکر نہیں رکھ سکتا۔ میاں چنوں سے نامہ نگار کے مطابق بار ایسوسی ایشن میاں چنوں کے وکلاء کی جانب سے حافظ محمد سعید کو نظر بند کرنے اور یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں گزشتہ روز مکمل ہڑتال کی گئی اور کوئی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوا صدر بار چوہدری کاشف منیر ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری مدثر رضا، جاوید اقبال بھٹہ، چوہدری محمد خالد آرائیں اور رانا ضیاء الحق ایڈووکیٹس نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم بند کرے اور حکومت پاکستان حافظ محمد سعید کی غیر قانونی نظر بندی کو فوری ختم کرے۔ سمبڑیال سے نامہ نگار کے مطابق تحریک آزادی جموں و کشمیر تحصیل سمبڑیال کے زیر اہتمام حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، یہ ریلی مرکزی دفتر محلہ اسلام آباد سے شروع ہوکر مین روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر جمعیت اہلحدیث قاری نصر اللہ، امیر شعبہ دعوت اصلاح عبداللہ بڑیانوی نے کہا ہے مودی سرکار نہتے کشمیریوں کی تحریک کے سامنے بے بس ہوچکی ہے، حافظ محمد سعید کی نظر بندی تحریک کشمیر کو کمزور کرنے اور مودی کے ہاتھ مضبوط کرنے کی مذموم کوشش ہے۔